ای سی جی ڈیٹا کی نگرانی کیلئے جدید آلہ تیار

   

آئی آئی ٹی حیدرآباد کا کارنامہ، قلب کے امراض پر نظر رکھنے میں سہولت
حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی حیدرآباد ( آئی آئی ٹی ۔ ایچ ) نے ایک کم توانائی والا آلہ تیار کیا ہے جو الیکٹرو کارڈیو گرام ( ای سی جی ) کی نگرانی کرتا ہے۔ علاوہ ازیں قلب کی شریانوں سے متعلق امراض کے بارے میں مریضوں اور ڈاکٹروں کو چوکس کرتا ہے۔ اس ادارہ نے منگل کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ قلب کی شریان کے امراض دیگر عارضوں کے بہ نسبت صحت عامہ کی فہرست میں سب سے زیادہ ہیں۔ عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او ) کے ایک سروے کے مطابق یہ عارضہ انسانی اموات کی بنیادی وجہ بھی ہے۔ اس عارضہ کے اہم اسباب میں انسانی طرز حیات میں رونما ہونے والی تبدیلیاں، غیر صحتمند غذائیں، تمباکو کا استعمال، پھل اور غذاؤں کا کم استعمال، جسمانی سرگرمیوں کا فقدان، ضرورت سے زیادہ تھکن وغیرہ شامل ہیں۔