بیالٹ پیپر سے الیکشن کروانے کامطالبہ ، کڑپہ میں اجلاس سے بھانو پرتاپ سنگھ کا خطاب
کڑپہ /25 فروعری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ای وی ایم ہٹاؤ دیش بچاؤ تحریک کے قائد سینئیر سپریم کورٹ اڈوکیٹ مسٹر بھانو پرتاپ سنگھ نے آج کڑپہ کا دورہ کیا ۔ یو ایس شادی محل کڑپہ میں عمائدین شہر اور تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر بھانو پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ای وی ایم ملک میں جمہوریت کیلئے خطرہ بن چکی ہے ۔ ای وی ایم ہٹاکر بیالٹ پیپر پر انتخابات کرانے سے ہی ملک میں جمہوریت کو بچایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ 400 سیٹوں کے جیتنے کا دعوی کر رہے ہیں اگر عوام میں اتنا ہی مقبول ہیں تو یہ انتخابات بیالٹ پیپر پر کرکے دکھائیں ۔ آپ کے دعوی کے مطابق ملک کے عوام کی بڑی تعداد جب آپ کے ساتھ ہے تو کسی بھی طریقے سے رائے دہی کرائی جائے ۔ آپ کو خوف کھانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اگر مشین ہٹایا گیا تو بی جے پی کو 40 سٹیں بھی نہیں ملیں گی ۔ زمینی حقیقت یہ ہے کہ ملک کا ہر طبقہ اس بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے ناراض ہے اور یہی حکومت کو اکھاڑ پھیکنا چاہتا ہے ۔ ملک کے عوام میں اس حکومت کے خلالف غصہ ہے کیوں کہ ملک میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے ۔ آج پورا ملک بی جے پی حکومت کے خلاف ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف ہے ۔ اس کے باوجود وہ کہتے ہیں کہ 400 سیٹیں حاصل کریں گے ۔ یہ صرف اور صرف ای وی ایم کے بھروسے سے کہہ رہے ہیں ۔ دوسری وجہ نہیں ہے ۔ بھانو پرتاپ سنگھ نے کہا کہ یہ ای وی ایم جمہوریت کو ختم کرنے کا ہتھیار ہے۔ مل کیے قانون کو ختم کرنے کا ہتھیار ہے ۔ اس لئے ہم 2019 سے یہ مہم چلا رہے ہیں ۔ صدر جمہوریہ کو بھی یادداشت دے چکے ہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور عوام سے اس مہم سے جڑجانے کی خواہش کی ۔ اس موقع پر کانگریس قائد نظیر احمد ، مولانا مخدوم محی الدین تلگودیشم پارٹی کے قائد امیر بابو ، صلاح الدین ، سراج بخاری ، مخدوم بخاری اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ جلسہ میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔