وشویشور ریڈی کا پارٹی کارکنوں کے ساتھ اجلاس، چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ سے کامیابی کا یقین
حیدرآباد ۔ 18۔ مارچ (سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں ای وی ایم اور دولت کے استعمال کے خلاف کانگریس کو جدوجہد کرنا پڑے گا ۔ چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ کے تحت درور منڈل کے دورہ کے موقع پر کانگریس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے کہا کہ مرکز میں کانگریس حکومت کا قیام یقینی ہے ۔ ملک کی نگاہیں راہول گاندھی پر ٹکی ہوئی ہیں اور عوام کو یقین ہے کہ راہول گاندھی ملک کیلئے بہتر وزیراعظم ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور یکجہتی کی برقراری کیلئے کانگریس پارٹی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور عوام ان پارٹیوں پر بھروسہ نہیں کرسکتے۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ چیوڑلہ میں ٹی آر ایس کو امیدوار دستیاب نہیں ہے۔ رنجیت ریڈی اور کارتک ریڈی دونوں میں سے کوئی بھی مقابلہ کریں ، ٹی آر ایس کے کارکن انہیں ناکام کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وقارآباد ضلع میں حکومت ایس سی ، ایس ٹی طبقات کی اراضیات کو حاصل کر رہی ہے ۔ تلنگانہ میں جو بھی اہم آبپاشی پراجکٹس ہیں ، وہ کانگریس کے دور میں شروع ہوئے تھے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں رنگا ریڈی ضلع کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سبیتا اندرا ریڈی ، کانگریس پارٹی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ کانگریس کارکنوں کے حوصلے کے ساتھ وہ انتخابات میں حصہ لیں گے اور کانگریس کی کامیابی یقینی ہوگی۔