انتخابی عمل کو شفاف بنانے کا مطالبہ : راہول گاندھی
حیدرآباد۔18۔جون(سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا الکٹرانک ووٹنگ مشن کے متعلق شفافیت پیدا کرے یا اس کے استعمال کو مکمل طور پر ترک کردے۔ کانگریس قائد و رکن پارلیمنٹ مسٹر راہول گاندھی نے گذشتہ دنوں الکٹرانک ووٹنگ مشین کو بلیک باکس قرار دینے کے دوسرے دن دیئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا EVM کے متعلق شفافیت اختیار کرے یا پھر ان کے استعمال کو بند کرنے کا فیصلہ کرے۔ ایلان مسک کی جانب سے الکٹرانک ووٹنگ مشینوںکے متعلق کئے گئے تبصرہ کے بعد جاری بیان بازیوں کے دوران راہول گاندھی نے ابتداء میں الکٹرانک ووٹنگ مشین کو بلیک باکس قرار دیا اور کہا تھا کہ یہ کسی کی رسائی میں نہیں ہیں ۔ دوسرے دن انہوں نے اپنے بیان میں الیکشن کمیشن آف انڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام میں پائے جانے والے خدشات کو دور کرنے کے اقدامات کریں اور ہندستان کے انتخابی طریقہ کار کی شفافیت کے متعلق عوام میں اطمینان پیدا کرنے کے اقدامات کریں ۔ راہول گاندھی نے اپنے سابقہ ٹوئیٹر X پر دیئے گئے بیان میں کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ رائے دہندوں اور عوام میں ہندستانی انتخابی طریقہ کار کے متعلق شفافیت پیدا کرے اور انہیں اطمینان دلائیں کہ ہندستانی انتخابی طریقہ کار محفوظ ہے ۔ انہوں نے اس بیان کے دوران بالواسطہ طور پر الیکشن کمیشن آف انڈیا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ آزاد ہیں تو انہیں عوام میں پیدا ہونے والے خدشات کو دور کرنے کے اقدامات کرنے چاہئے یا EVMکے استعمال کو ترک کرنے کا فیصلہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جب جمہوری ادارہ جات پر قبضہ کیا جاسکتا ہے تو ایسی صورت میں محض انتخابی طریقہ کار کو شفاف رکھتے ہوئے ہی جمہوریت کو برقرار رکھا جاسکتا ہے ۔3