نئی دہلی: الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں خرابیوں کے خلاف جمعرات کو قومی دارالحکومت میں ای وی ایم ہٹاؤ مورچہ اور دیگر تنظیموں کے احتجاج میں حصہ لینے والے کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ اور کئی دیگر لیڈروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ای وی ایم ہٹاؤ مورچہ کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق یہاں جنتر منتر پر ای وی ایم کے خلاف ایک میٹنگ کا انعقاد کیا جا رہا تھا اور اس کی اجازت بھی دی گئی تھی، لیکن دہلی پولس نے آخری وقت میں اجازت منسوخ کر دی جس کی وجہ سے یوتھ کانگریس کو یہ احتجاج اپنے دفتر رائے سینا روڈ پر کرناپڑا۔مورچہ کے سربراہ ادت راج کے حوالے سے خبر میں کہا گیا ہے کہ کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ اور ڈاکٹر ادت راج سمیت سینکڑوں کارکنوں کو پولیس نے پرامن احتجاج کے دوران حراست میں لے کر پارلیمنٹ تھانے میں رکھا، جبکہ ایم ایل اے اور دہلی حکومت کے سابق وزیر راجندر پال گوتم کو اندراپوری تھانے میں رکھا گیا۔ مورچہ لیڈروں نے کہا کہ حکومت نے جان بوجھ کر جنتر منتر پر 12 مارچ تک مظاہرے پر پابندی لگا دی ہے ۔
