ای پی ایف او کا کمپنیوں پر پینالٹی سے گریز

   

نئی دہلی ۔ /15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ریٹائرمنٹ فنڈ سے متعلق ادارہ ای پی ایف او نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران کمپنیوں کی جانب سے ایمپلائیز پراویڈنٹ فنڈ کے حصوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوتی ہے تو کوئی پینالٹی عائد نہیں کی جائے گی ۔ کووڈ۔19 کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے /25 مارچ سے لاگو لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروباری اداروں کو نقدی کی دستیابی میں مشکل پیش آرہی ہے جس کے نتیجہ میں وہ پراویڈنٹ فنڈ کے لازمی بقایہ جات کی ادائیگی بروقت نہیں کرپارہے ہیں ۔ ای پی ایف او سنٹرل پراویڈنٹ فنڈ کمشنر سنیل برتھوال نے آج انڈسٹری کے ادارہ پی ایچ ڈی سی سی آئی کے زیراہتمام ویبینار میں کہا کہ لاک ڈاؤن کی مدت میں ہم کوئی ہرجانہ یا پینالٹی عائد نہیں کریں گے ۔آجرین کو ماہانہ تنخواہ سے متعلق بقایا جات اگلے ماہ کی /15 تاریخ تک ڈپازٹ کرانا ہوتا ہے تاہم انہیں اس کے بعد 10 روزہ رعایتی مدت حاصل ہوتی ہے ۔