میں ابھی تحقیقات کیلئے دستیاب نہیں ہوں۔ ممبئی پولیس کمشنر کی این سی پی سربراہ سے ملاقات کے بعد فیصلہ
ممبئی 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) این سی پی سربراہ شرد پوار نے نہیں مہاراشٹرا اسٹیٹ کو آپریٹیو بینک اسکام میں منی لانڈرنگ کیس کا سامنا ہے ‘ آج کہا کہ وہ فی الحال انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے آفس نہیں جائیں گے ۔ ان کے اس اعلان سے پولیس اور شہریوں نے راحت کی سانس لی ہے ۔ شرد پوار نے ای ڈی آفس نہ جانے کا فیصلہ اس وقت کیا جبکہ ممبئی پولیس کمشنر سنجے بروے نے ان سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ وہ ای ڈی آفس نہ جائیں کیونکہ ایسا کرنے کے نتیجہ میںلا اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے ۔ شرد پوار نے اعلان کیا تھا کہ وہ جمعہ کو 2 بجے دن ای ڈی کے آفس جائیں گے حالانکہ ایجنسی نے انہیں ابھی طلب نہیں کیا ہے ۔ انہوںنے پارٹی ورکرس سے اپیل بھی کی تھی کہ وہ ای ڈی آفس کے باہر جمع نہ ہوں ۔ شرد پوار کی جانب سے ای ڈی کے آفس پہونچنے کے اعلان کے بعد جنوبی ممبئی میں ای ڈی آفس کے باہر سکیوریٹی کو سخت کردیا گیا تھا اور امتناعی احکام نافذ کردئے گئے تھے ۔ شرد پوار نے کہا کہ انہوں نے فی الحال ای ڈی آفس جانے کا منصوبہ ترک کردیا ہے ۔ وہ جب کبھی ضرورت ہو وہاں جانے تیار ہیں۔ ہم ںسیاست میں کام کرتے ہیں۔ تاہم اگر کوئی ہمیں کسی ایجنسی کے ذریعہ خوفزدہ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ کامیاب نہیں ہونگے ۔ پوار نے اپنی قیامگاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے ان تمام سیاسی قائدین سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے ان کی حمایت کی ہے ۔ پوار نے کہا کہ سینئر کانگریس قائدین راہول گاندھی ‘ منموہن سنگھ اور کئی دوسرے قومی قائدین اور یہاں تک کہ شیوسینا نے بھی ان کی حمایت کی ہے جس پر وہ ان تمام سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ راہول گاندھی نے مہاراشٹرا انتخابات سے قبل شرد پوار کو نشانہ بنانے کی کوشش پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا تھا کہ شرد پوار ایک اور اپوزیشن لیڈر ہیں
جنہیں حکومت انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ اس کارروائی کا جو وقت ہے وہ اسمبلی انتخابات سے عین قبل کا ہے اس سے سیاسی موقع پرستی کا پتہ چلتا ہے ۔ خود شرد پوار نے بھی انتخابات سے عین قبل انہیں نشانہ بنانے کی کوشش پر سوال کیا ہے اور کہا کہ ہمارا تاثر یہ ہے کہ یہ فیصلہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو انتخابات کے وقت بدنام کرنے کی کوشش ہے ۔ ایسے میں وہ ای ڈی آفس جانا چاہتے تھے ۔ وہ تحریری طور پر اس فیصلے سے ای ڈی کو بھی واقف کرواچکے تھے ۔ کل انہیں جواب ملا جس میں کہا گیا کہ انہیں ابھی طلب نہیں کیا گیا ہے اور انہیں آفس آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جب کبھی انہیں طلب کرنا ہوگا مطلع کردیا جائیگا ۔ شرد پوار نے کسی پارٹی کا نام لئے بغیر کہا کہ اپوزیشن قائدین کو تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذریعہ خوفزدہ کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی ۔ وہ یہ تاثر دینا نہیںچاہتے تھے کہ وہ تحقیقات سے فرار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ انتخابات ہیں اس لئے وہ مہاراشٹرا میں انتخابی مہم چلائیں گے اس لئے وہ تحقیقات کیلئے دستیاب نہیں ہونگے ۔