بنگلورو، 10 جولائی (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کے تحت کرناٹک میں کانگریس کے رکن اسمبلی ایس این سوبا ریڈی کی رہائش اور ان کے دیگر کئی مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق بنگلورو میں تقریباً پانچ مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں،جن میں مسٹر ریڈی کی رہائش اور ان کے کئی مقامات شامل ہیں۔ مسٹر ریڈی چکبلا پورہ ضلع کے باگے پلی اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے ہیں۔ای ڈی کے چھاپوں کی وجہ مسٹر ریڈی اور ان کے خاندان کے ارکان کے پاس غیر متناسب اثاثے ہیں، جن میں غیر ملکی بینک کھاتوں میں مشتبہ جمع رقم اور ملائیشیا اور جرمنی جیسے ممالک میں غیر منقولہ جائیداد اور گاڑیوں میں سرمایہ کاری شامل ہے ۔یہ چھاپے فیما کی دفعہ 37 کے تحت مارے گئے ہیں، جو ای ڈی کو غیر ملکی کرنسی اور غیر ملکی اثاثوں سے متعلق مشتبہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرنے کا اختیار دیتا ہے ۔ چھاپوں کے سلسلے میں ایم ایل اے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن رابطہ نہیں ہوسکا۔