ای ڈی کی فارمولہ ای کار ریسنگ معاملہ میں کے ٹی آر کو نوٹس

   

7 جنوری کو پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت، اروند کمار اور بی ایل این ریڈی کو بھی نوٹس کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے فارمولہ ای کار ریسنگ کیس کے معاملہ میں بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و رکن اسمبلی کے ٹی آر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 جنوری 2025ء کو پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ سینئر آئی اے ایس آفیسر اروند کمار، ایچ ایم ڈی اے کے سابق چیف انجینئر بی ایل این ریڈی کو بھی ای ڈی نے نوٹس جاری کی ہے۔ عہدیداروں کو 2 اور 3 جنوری کو حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اے سی بی کی جانب سے جاری کردہ ایف آئی آر کی بنیاد پر پی ایم ایل اے کے تحت ای ڈی ان سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ فارمولہ ای کار ریسنگ کے معاملہ میں ان سب نے پیما قواعد کی خلاف ورزی کرنے کی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے نشاندہی کی ہے۔ ای ڈی کو شبہ ہیکہ ایف ای او کو رقم کی منتقلی کے ساتھ مالی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔ اس تناظر میں انہیں نوٹس دیتے ہوئے تحقیقات کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ دوسری جانب فارمولہ ای کار ریس کیس میں اے سی بی نے جمعرات کو ہائیکورٹ میں جوابی حلف نامہ داخل کیا ہے۔ اے سی بی نے بحیثیت وزیر کے ٹی آر کی جانب سے کی گئی غلطیوں، سکریٹریٹ بزنس رولس قواعد کی خلاف ورزی، محکمہ فینانس کو بے خاطر کرنے کے معاملات کو عدالت کے سامنے لایا ہے۔ غیرملکی کرنسی کے بشمول کے ٹی آر کی جانب سے قواعد کی کئی خلاف ورزیاں کرنے کا عذر پیش کیا گیا۔ سکریٹریٹ بزنس رولز 9 اور 11 کے مطابق اگر کسی محکمے کو مقررہ رقم سے زیادہ خرچ کرنا ہو تو محکمہ فینانس سے اجازت لینی پڑتی ہے۔ اے سی بی نے انکشاف کیا ہیکہ کابینہ کی منظوری کے بعد ہی محکمہ فینانس فنڈز جاری کرنے کا مجاز ہے۔ ان قواعد کو کے ٹی آر کی جانب سے یکسر نظرانداز کی اے سی بی نے اس کی تفصیلات پیش کی۔ کیس کی سماعت کے بعد ہائیکورٹ نے 31 ڈسمبر تک کے ٹی آر کو گرفتار نہ کرنے کی اے سی بی کو ہدایت دی۔ واضح رہیکہ اس کیس میں کے ٹی آر نے ہائیکورٹ میں کواش پٹیشن داخل کی ہے۔ اگر ہائیکورٹ 31 ڈسمبر سے قبل کواش پٹیشن کو خارج کردیتی ہے تو اے سی بی کی جانب سے کے ٹی آر کو نوٹس دیئے بغیر گرفتار کرنے کے بھی امکانات پائے جاتے ہیں۔ 2