ای کامرس کو اضلاع میں وسعت دینے حکومت کا فیصلہ

   

لاک ڈاؤن کے دوران ای کامرس سے حکومت کو بڑی آمدنی ہوئی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے ریاست میں ای کامرس شعبہ کو بڑے پیمانہ پر فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے ای کامرس شعبہ کو اضلاع میں وسعت دینے کے لیے ایک نئی پالیسی بنائی ہے جو اب ابتدائی طور پر حیدرآباد اوراس کے اطراف میں سرگرم ہے ۔ اس پالیسی میں ای کامرس فرمس کو گوداموں کی تعمیر اور اشیاء کے اسٹوریج اور ٹرانسپورٹیشن کے لیے دیگر لاجسٹک سہولتوں کے لیے سبسیڈی شرحوں پر اراضی کے الاٹمنٹ کی شکل میں ترغیبات دینے ، سنگل ونڈو فاسٹ ٹرئیک منظوریوں ، اوقات کار میں نرمی ، برقی سربراہی میں رعایت دینے کے پرویژنس ہیں تاکہ ای کامرس شعبہ کی حوصلہ افزائی ہو ۔ حکومت نے ایف ایم سی جی ( فاسٹ موئنگ کنزیومر گڈس ) اور گھریلو اشیاء کے شعبوں کو سرویس انڈسٹری موقف دینے کے بھی وعدے کئے ہیں ۔ کوویڈ وبا کے دوران مختلف محاصل کے ذریعہ حکومت تلنگانہ کو ای کامرس شعبہ سے اچھا ریونیو حاصل ہوا کیوں کہ لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں نے آن لائن خریداری کو ترجیح دی ۔ کوویڈ سے متعلق پابندیوں کو ختم کرنے کے بعد بھی لوگ آن لائن خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ جب دیگر تمام آمدنی والے شعبے نقصانات سے دوچار ہوئے تھے تو ایسے وقت ای کامرس شعبہ 10 کروڑ کے جملہ تخمینہ بزنس معاملتوں کے ساتھ حکومت کے لیے معاون ثابت ہوا ۔ اس لیے انڈسٹریز ڈپارٹمنٹ نے ای کامرس آپریشنس کو اضلاع میں بڑے ٹاونس میں وسعت دینے کے لیے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ۔ بالخصوص اضلاع کریم نگر ، ورنگل اور نظام آباد میں ۔ حکومت نے قبل ازیں غذائی اشیاء اور چند کنزیومر گڈس کو ایسنشیل سروسیس ایکٹ کے تحت لایا تھا اور ان کے اسٹاکس پر تحدیدات عائد کئے تھے ۔ حکومت نے اب انہیں اس سے مستثنیٰ کردیا ہے ۔ وزیر صنعت کے ٹی راما راؤ نے گذشتہ ہفتہ اس نئی پالیسی پر عمل درآمد کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ 5000 کروڑ روپئے تک سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ای کامرس کمپنیوں کو ایک سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعہ تیز تر انداز میں منظوریاں دی جائیں گی ۔ ان فرمس کو اس مقصد کے لیے خصوصی طور پر قائم کئے جارہے انڈسٹریل پارکس میں اراضی الاٹ کی جائے گی ۔ کریم نگر ، نظام آباد اور ورنگل میں اس سلسلہ میں اراضیات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔۔