ای ۔ بیز اسکام میں ملوث باپ ، بیٹا گرفتار

   

کمپنی کے 389 کروڑ اثاثے منجمد، لاکھوں شہریوں کو دھوکہ کے خلاف کارروائی
حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے ای بیز اسکام میں ملوث باپ بیٹے کو گرفتار کرلیا اور اس کمپنی کے 389 کروڑ روپئے کے اثاثہ جات کو منجمد کردیا گیا۔ سائبرآباد پولیس نے ایک شہری کی شکایت پرکارروائی کا آغاز کیاتھا۔ تاہم اس کمپنی کے خلاف ملک بھر میں کئی شکایتیں پائی جاتی ہیں۔ منی سرکولیٹنگ اسکیم کے نام پر مختلف طریقوں سے اس کمپنی نے لاکھوں شہریوں کو اپنی دھوکہ دہی کا شکار بنایا ہے۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس اسٹیشن میں اس کمپنی کے خلاف شکایت درج کی گئی تھی۔ جس کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ میں بھی ای بیز e-biz.com کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ سائبر آباد پولیس نے 62 سالہ پون ملہان منیجنگ ڈائرکٹر اور ان کے فرزند تہک ملہان 31 سالہ کو گرفتار کرلیا۔ منی سرکولیٹنگ اسکیم کے نام پر اس کمپنی کے ذمہ داروں نے ملک میں لاکھوں شہریوں کو اپنی دھوکہ دہی کا شکار بنایا۔ سال 2001 میں پون ملہان نے اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں کمپنی قائم کی اور کمپنی میں اپنی بیوی انیتا ملہان کو ڈائرکٹر مقرر کیا جبکہ خود منیجنگ ڈائرکٹر کا عہدہ اپنے پاس رکھتے ہوئے بیٹے تہک ملہان کو کمپنی کے دیگر امور کی ذمہ داری دی ۔ انہوں نے کمپنی میں سرمایہ داری کے لئے چین سسٹم کو رائج کیا اور مختلف زمرہ جات کے تحت اسکیمات کو متعارف کروایا اور ایک کے بعد دیگر عوام کو شامل کرتے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملک بھر میں اس کمپنی کے 17 لاکھ ممبرس ہیں۔ بیروزگاروں اور طلبہ کو یہ کمپنی آسانی سے اپنی دھوکہ دہی کا نشانہ بنایا کرتی تھی۔ پولیس نے ملک بھر میں 5 ہزار کروڑ کی دھوکہ دہی کا اندازہ لگایا ہے۔ مختلف اسکیمات کے تحت ایک دوسرے سے جوڑنے والے اسکیمات کو چین سسٹم میں رائج کیا گیا اور دھوکہ دہی کی گئی ۔ پولیس سائبر آباد تحقیقات میں جٹی ہوئی ہے۔