بک لیٹ پاسپورٹ بھی برقرار رہیں گے، تبدیلی لازمی نہیں، حیدرآباد میں جولائی تک3.43 لاکھ پاسپورٹس کی اجرائی
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ملک میں پاسپورٹ کو کسی بھی تحریف سے بچانے کیلئے تیار کردہ ای۔ پاسپورٹ پراجکٹ پر آئندہ چند ماہ میں عمل آوری کی جائے گی۔ وزارت داخلہ کے سکریٹری برائے کونسلر، پاسپورٹ، ویزا، اور اوورسیز افیرس ڈاکٹر اوصاف سعید نے آج حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ای ۔ پاسپورٹس 2022 کے اواخر یا 2023 کے اوائل میں جاری کئے جائیں گے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ موجودہ بک لیٹ طرز کے پاسپورٹ ختم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بک لیٹ برقرار رہے گی اور ای ۔ پاسپورٹ میں ایک چپ کا اضافہ رہے گا۔ چیف پاسپورٹ آفیسر ٹی اے چنگسن نے کہا کہ ای پاسپورٹ کے چپ میں متعلقہ شخص کی تمام تفصیلات درج رہیں گی جن میں نام، تاریخ پیدائش، پتہ اور دیگر شامل ہیں۔ ریڈیو فریکوینسی آئیڈنٹی فکیشن (RFID) چپ اور انٹینا کی مدد سے عہدیداروں کو مسافرین کی تفصیلات فوری حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ای پاسپورٹس کی اجرائی کے ذریعہ حکومت نقلی پاسپورٹس سے نمٹنے اور ان کے خاتمہ کے علاوہ پاسپورٹ میں کسی تحریف کو روکنا چاہتی ہے۔ ای پاسپورٹس سے متعلقہ فرد کی تمام تفصیلات محفوظ رہیں گی۔ موجودہ پاسپورٹ ہولڈرس کے پاس بک لیٹس برقرار رہیں گے اور عوام کیلئے ضروری نہیں کہ وہ لازمی طور پر بک لیٹ سے ای پاسپورٹ میں تبدیل کریں۔ اگر وہ چاہیں تو اس کے لئے درخواست دے سکتے ہیں اور پاسپورٹ کی تجدید ای پاسپورٹ کے طور پر ہوگی۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ وزارت خارجہ نے جاریہ ہفتہ پراجکٹ کے ٹیکنیکل پارٹنر سے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں اور اندرون چند ماہ ای پاسپورٹ اسکیم کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت خارجہ پولیس کلیرنس کی درخواستوں کے لئے ہفتہ میں کم از کم ایک دن اپواینٹمنٹس دینے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس سلسلہ میں دن کا عنقریب تعین کیا جائے گا اور عوام اس دن کسی اپاینٹمنٹ کے بغیر پولیس کلیرنس کی درخواست داخل کرنے جاسکتے ہیں۔ اس سہولت سے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ پاسپورٹس کی جلد اجرائی کے معاملہ میں تلنگانہ ملک میں تیز جاری کرنے والی ریاستوں میں شامل ہے جہاں اندرون چار تا پانچ دن کارروائی مکمل کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید جو وزارت خارجہ کے اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ حیدرآباد کے دورہ پر ہیں‘ انہوں نے چیف سکریٹری سومیش کمار اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے تلنگانہ کے مائیگرنٹس کیلئے حکومت کی جانب سے تیار کردہ موبائیل ایپ( ٹی مائیگریشن ایپ ) کا آغاز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان نے 12 ممالک کے ساتھ میان پاور معاہدے کئے ہیں جن میں پرتگال، ماریشس اور جرمنی شامل ہیں مزید 15 ممالک سے عنقریب معاہدے کئے جائیں گے۔ معاہدوں کا مقصد ہندوستان کو اِسکل میان پاور کیلئے دنیا بھر میں پیش کرنا ہے۔ ای پاسپورٹ کی صورت میں اسکیان کیلئے طویل قطاریں نہیں رہیں گی۔ کسی بھی انفرادی شخص کی تفصیلات کو سرقہ نہیں کیا جاسکتا۔ ای پاسپورٹس سے تفصیلات کو خارج نہیں کیا جاسکتا۔ حیدرآباد میں جاریہ سال جنوری تا جولائی 3.43 لاکھ پاسپورٹس جاری کئے گئے۔ 20 ہزار سے زائد افراد کو پاسپورٹ سے متعلق خدمات فراہم کی گئیں۔ گزشتہ سال جنوری تا ڈسمبر 4.28 لاکھ پاسپورٹس کی اجرائی عمل میں آئی۔ ر