ای ۔ پاس کے بغیر آندھرا سے گاڑیوں کو داخلہ کی اجازت نہیں سرحدی علاقوں میں گاڑیوں کی طویل قطاریں

   

حیدرآباد۔ آندھرا پردیش سے متصل تلنگانہ کے سرحدی اضلاع میں گاڑیوں کے داخلہ کیلئے ای ۔ پاس کی شرط سے عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ لاک ڈاؤن کی مدت میں نرمی کے باوجود سرحدی اضلاع میں دیگر ریاستوں کی گاڑیوں کو داخلہ سے روکا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں جگہ جگہ بھاری ٹریفک جام کی صورتحال ہے۔ اتوار کے باوجود تلنگانہ میں داخلہ کیلئے پہنچنے والی آندھرا پردیش کی گاڑیوں کو سرحد پر روک دیا گیا۔ پولیس نے ای ۔ پاس کے بغیر آنے والی گاڑیوں کو واپس بھیج دیا۔ لاک ڈاؤن کے اوقات میں دن بھر نرمی کے باوجود دیگر ریاستوں کی گاڑیوں کیلئے داخلہ کی پابندیاں برقرار ہیں۔ کئی مقامات پر گاڑیوں کی طویل قطاروں کے نتیجہ میں پاس رکھنے والی گاڑیوں کو بھی کئی گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑا۔ حکام ایمبولینس کو جانے کی اجازت دے رہے ہیں لیکن ان کیلئے بھی ضروری دستاویزات کا ہونا ضروری ہے۔ بتایا جاتاہے کہ کورونا کیسس پر قابو پانے کیلئے پڑوسی ریاستوں کی گاڑیوں پر پابندی جاری رہے گی۔ حکومت نے نلگنڈہ اور بھونگیر کے کئی علاقوں میں لاک ڈاؤن کے اوقات میں کوئی نرمی نہیں دی ہے۔