ای ۔ کامرس ویب سائیٹ کے ذریعہ دھوکہ دینے والا فرضی کال سنٹر بے نقاب

   

9 افراد گرفتار، موبائیل فونس، نقد رقم، موٹر کار اور دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) ای ۔ کامرس ویب سائیٹ کے ذریعہ دھوکہ دینے والے ایک فرضی کال سنٹر کو بے نقاب کرتے ہوئے رچہ کنڈہ پولیس نے 9 افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ یہ افراد کولکتہ سے تلگو زبان میں فرضی کال سنٹر چلاتے ہوئے دونوں تلگو ریاستوں کی عوام کو دھوکہ دے رہے تھے۔کمشنر پولیس رچہ کنڈہ پولیس مہیش بھگوت نے بتایا کہ 21 سالہ اتم کمار یادو ساکن کولکتہ، 31 سالہ موادت رمیش، 34 سالہ جے شنکر، 19 سالہ ایل راجو ساکنان محبوب نگر گول بنڈہ تانڈہ، 30 سالہ میش کمار ساکن بہار، 25 سالہ کے جگن موہنریڈی ساکن گنٹور، 22سالہ او چندو ساکن ورنگل اور 24 سالہ جی سری سیلم ساکن میدک کو گرفتار کرلیا۔ اس ٹولی کا اصل سرغنہ اتم کمار یادو جو کتری سرائے بہار سے تعلق رکھتا ہے منصوبہ بند طریقہ سے تلگو عوام کو دھوکہ دینے کی خاطر اس نے علاقائی زبان میں فرضی کال سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور مداوت رمیش سے رابطہ کرتے ہوئے تلگو زبان میں بات چیت کرنے والوں کو اپنی ٹولی میں شامل کرلیا جنہیں تربیت دینے کے بعد کال سنٹر کے ذریعہ دھوکہ دیا جارہا تھا۔ ای ۔ کامرس ویب سائیٹ کے ذریعہ اشیاء کی خریداری کرنے والے شہریوں سے یہ رابطہ پیدا کرتے تھے اور انہیں سامان کی خریداری کے عوض تحفہ کے طور پر گفٹ کریش کارڈ روانہ کیا جاتا۔ اکثر شہریوں کو انعام میں کار جیتنے کی خوشخبری دی جاتی تھی اور اس کے بعد یہ کال سنٹر اپنا کام شرع کرتا تھا۔کار کے رجسٹریشن اور شوریٹی ڈپازٹ و دیگر اخراجات کو بیان کرتے ہوئے گراہکوں سے رقم وصول کی جاتی اور پھر ان سے رابطہ منقطع کرلیا جاتاہے۔ علاقائی زبان ہونے کے سبب گراہک ان پر یقین کرلیتے تھے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کے قبضہ سے 39 موبائیل فون ، ایک کار، 16 اے ٹی ایم کارڈس ، ایک لاکھ 16 ہزارنقد رقم و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیاگیا۔ع