کانگریس کی ریزرویشن کی پالیسی سراب:مایاوتی
لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے سروسماج کو کانگریس سے محتاط رہنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور اس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی کی ریزرویشن پالیسی دوغلی اور دھوکے سے بھری ہے ۔ مایاوتی نے منگل کو ایکس پر پوسٹ کیاکہ کانگریس و راہول گاندھی کی ایس سی؍ایس ٹی ؍او بی سی ریزرویشن واضح نہیں ہے ۔ اپنے ملک میں ان کے ووٹ کیلئے یہ ریزرویشن کی حمایت و اسے 50فیصدی سے اوپر بڑھانے کی وکالت اور بیرون میں جاکر ان کے ریزرویشن کو ختم کرنے کی بات کرتے ہیں۔ ان کے اس دوہرے میعار سے لوگ محتاط رہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ سبھی سچ ہے کہ مرکز میں ان کی حکومت نے او بی سی ریزرویشن متعلق منڈل کمیشن رپورٹ نافذ نہیں کی تھی۔ بی ایس پی کے جدوجہد سے ایس سی؍ایس ٹی کے پروموشن میں ریزرویشن کو موثر بنانے کیلئے پارلیمنٹ میں لائے گئے آئینی ترمیم بل کو بھی کانگریس نے پاس نہیں ہونے دیا۔ جو ابھی تک التواء کا شکار ہے ۔
بی ایس پی کی سربراہ نے کہا کہ اس معاملے میں ان کی حکومت نے عدالت میں صحیح سے پیروی نہیں کی۔ اس ریزرویشن مخالف کانگریس و دیگر پارٹیوں سے بھی یہ لوگ محتاط رہیں۔ ساتھ ہی مرکز میں رہی کانگریسی حکومت کے ذریعہ ذات پات پر مبنی مردم شماری نہ کرانا اور اب اقتدار سے باہر ہونے پر آواز اتھانا یہ سب ڈھونگ نہیں تو اور کیا ہے ۔