حیدرآباد، 17 دسمبر (آئی اے این ایس) تلگو اور تمل فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ سری لیلا نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کیے گئے گمراہ کن اور غیر اخلاقی مواد کی حمایت نہ کریں۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام میں لکھا کہ وہ ہاتھ جوڑ کر تمام سوشل میڈیا صارفین سے گزارش کرتی ہیں کہ اے آئی سے بنائے گئے بے معنی اور نقصان دہ مواد کو فروغ نہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس کے غلط استعمال میں واضح فرق ہوتا ہے، اور تکنیکی ترقی کا مقصد زندگی کو آسان بنانا ہے، نہ کہ اسے پیچیدہ اور اذیت ناک بنانا۔سری لیلا نے کہا کہ ہر لڑکی کسی نہ کسی کی بیٹی، پوتی، بہن، دوست یا ساتھی ہوتی ہے، چاہے اس نے فن کو اپنا پیشہ ہی کیوں نہ بنایا ہو۔ انہوں نے کہا کہ فنکار ایک ایسے ماحول میں کام کرنا چاہتے ہیں جہاں خوشی بانٹی جائے اور تحفظ کا احساس موجود ہو۔ اداکارہ نے بتایا کہ اپنے مصروف شیڈول کی وجہ سے وہ آن لائن ہونے والی کئی سرگرمیوں سے لاعلم تھیں، تاہم چاہنے والوں کی توجہ دلانے پر انہیں اس صورتحال کا علم ہوا، جو ان کے لیے نہایت تکلیف دہ اور دل شکن ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھی فنکاروں کی جانب سے بھی آواز اٹھا رہی ہیں اور شائستگی و وقار کے ساتھ اپنے ناظرین سے حمایت کی اپیل کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ معاملہ متعلقہ حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اکتوبر میں اداکارہ پریانکا ارْل موہن نے بھی اسی نوعیت کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اے آئی سے تیار کردہ کچھ جعلی تصاویر ان سے منسوب کر کے گردش کر رہی ہیں اور عوام سے اپیل کی تھی کہ ایسے مواد کو شیئر یا پھیلانے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اے آئی کو اخلاقی تخلیق کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے، نہ کہ غلط معلومات پھیلانے کے لیے۔
