اے آئی چین نے دی امریکہ کو شکست

   

روش کمار
آجکل آرٹیفیشل انٹلیجنس کے کافی چرچے ہیں لیکن اس معاملہ میں ایسا لگتا ہے کہ چین نے امریکہ کو مات دے دی ہے اور مصنوعی ذہانت میں امریکی بالادستی کو ختم کرنے میں چین کی ایک غیر معروف کمپنی کا اہم کردار ہے۔ آپ یہ بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ جس وقت چیاٹ جی پی ٹی مصنوعی ذہانت کی بلندیوں پر پہنچ گئی تب یہ سوال گردش کرنے لگا تھا کہ ٹکنالوجی کی دنیا میں یہ امریکہ کے سب سے بڑے حریف چین کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج اور دردِ سر ہے لیکن چینی کمپنی نے وہ کردکھایا جس نے اب امریکہ کو پریشان کررکھا ہے۔ بہرحال ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مصنوعی ذہانت AI نے AI کو ہی دھکہ دے دیا، چین کی ڈیب سِک کمپنی نے اے آئی کا سستا چِپ کیا بنادیا کہ امریکہ کی ٹکنالوجی کمپنیاں حیران و پریشان ہوگئں۔ ابھی تک امریکی کمپنیاں یہ خواب دکھارہی تھیں کہ ان کا بنایا ہوا اے آئی دنیا کا مستقبل ہے لیکن چین کی اے آئی نے امریکہ کے اس دعویٰ کو ہلکا کردیا۔ اب نتیجہ کیا ہوا ؟ ہندوستان ، امریکہ ، یوروپ، جاپان اِن سب کے بازار ایک کے بعد ایک دھڑام دھڑام گرتے چلے گئے ۔ امریکہ کی ٹکنالوجی کمپنیوں کے شیئرس کے دام ایک لاکھ کروڑ روپئے کم ہوگئے یعنی سرمایہ کاروں کو زبردست نقصان ہوا۔ تو اے آئی، اے آئی کو ہی ختم کرے گا یا انسان کی زندگی کو بہتر کرے گا ؟ یہ بہتر کرنے آرہا ہے یا بدتر ؟ ۔
اے آئی کیا کیا کردے گا یہی بتانے میں اے آئی سے زیادہ لوگ اس کام میں مصروف ہیں، اسے لیکر سونے کا محل بنارہے ہیں تو کوئی سب کچھ ختم ہوجانے کا بھوت نچارہا ہے۔آرٹیفیشل انٹلیجنس کے نام پر اتنے سارے آرٹیفیشل اکسپرٹ پیدا ہوگئے ہیں کہ کیا ہی بتائیں۔ اے آئی اگر اتنا ہی انٹلیجینٹ ہے تو سب سے پہلے اپنے نام کے آگے سے آرٹیفیشل ہٹاکر دکھائے۔ ہوگا ہی بدلاؤ کسی بھی ٹکنالوجی سے دنیا بدل جاتی ہے۔ اے آئی بھی بدل دے گا لیکن جسے دیکھئے وہی AI ، اے آئی کئے جارہا ہے، ہمیں بھی کئی لوگوں نے اس بارے میں بتایا۔ ہم اس AI ، آئے آئی کو لیکر بات کرنا چاہتے ہیں۔ اے آئی کے اتنے ماہرین ہوگئے ہیں کہ پوچھئے مت‘ مجھے یہ نہیں پتہ تھا کہ AI کے آنے سے اتنے ماہرین بڑھ جائیں گے اور یہ ماہرین کیا کررہے ہیں گھوم گھوم کر بتارہے ہیں، اب اِن ماہرین کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ AI سے پوچھ لیجئے وہی سب کردے گا۔ تو بھائی آپ کیسے بچ گئے ہیں۔ اے آئی نے سب سے پہلے آپ کو ختم کیوں نہیں کیا، آپ ماہر کی شکل میں کیسے بچ گئے جب آے آئی اپنے آپ کتاب لکھ ہی دے گا تو یہ ماہرین اے آئی پر کتاب کیوں لکھ رہے ہیں۔ اے آئی کو لوگوں تک پہنچانے کیلئے انسان کتاب کیوں لکھ رہا ہے۔
میرا اے آئی سے کوئی جھگڑا نہیں ہے نہ میں اے آئی مخالف ہوں لیکن ان سے تو ہے میرا سوال جو دن رات اے آئی، اے آئی کرنے لگے ہیں۔ فل پلاسٹر بیالسٹکس پر ایک ساتھ بات کرنے والے ان دنوں AI پر لکھنے اور کچھ کہنے لگے ہیں۔ جس اے آئی سے AI پر لکھنے والے مصنفین اور بولنے والے ماہرین ختم نہیں ہوئے اِس اے آئی کو لیکر اتنی فکر مت کیجئے۔ ابھی تو ہم دنیا اسمارٹ فون سے بدل رہے تھے، اب AI سے بدلنے لگے ہیں۔ آئے دن کوئی مضمون شائع ہوجاتا ہے کہ اے آئی سے نوکری ختم ہوجائے گی۔ یقیناً نوکری ختم ہوجائے گی ! لیکن نوکریاں تو اے آئی کے پہلے ہی سے ختم ہورہی ہیں، ہم نوکریوں کے ختم ہونے کو لیکر AI کو اتنا کریڈٹ کیوں دیئے جارہے ہیں، یہ تو ایک منصوبہ کے تحت سب کچھ ہورہا ہے۔ نوکری کم کرنے کی کم تنخواہوں کی نوکریاں بڑھانے کی حکمت عملی تو کہیں اور سے طئے ہوتی ہیں۔ اب ایک نئی رپورٹ آگئی ہے ورلڈ اِکنامک فورم کی طرف سے کہ اے آئی 92 ملین نوکریاں ختم کردے گا اور 170 ملین پیدا کردے گا کتنا صحیح حساب ہوتا ہے ان لوگوں کا ۔ یہی کام ہے ایسی رپورٹ کا جب بھی کوئی پراجکٹ لانچ کریں گے تو دعویٰ کرنے آجائیں گے کہ ہم نوکریاں پیدا کریں گے۔ جب پراجکٹ پورا ہوتا ہے تب بتانے نہیں آتے نہ وہ نوکری نظر آتی ہے۔ کوئی یہ نہیں پوچھتا کہ بھائی وہ نوکریاں کہاں چلی گئیں جو آپ بتارہے تھے۔
اب AI سے کہا جارہا ہے کہ 170 ملین نئی نوکریاں پیدا ہوجائیں گی اور 92 ملین پرانی نوکریاں چلی جائیں گی۔ نوکریوں کے ختم ہونے کا سلسلہ صرف ٹکنالوجی کی وجہ سے نہیں ہوتا ہے بلکہ منافع کی نیت کا بھی بڑا گیم ہوتاہے۔ AI سے پہلے کیا سب کو کام ملنے لگا تھا ؟ یاد کیجئے کیا لوگ بیروزگار نہیں ہورہے تھے ؟ نوکریاں کہیں نہیں ہیں، ہیں بھی تو اِن دنوں بہت کم ہیں۔ اے آئی آئے گا تو تھوڑی اور کم ہوجائیں گی۔ اگر AI زیادہ تنخواہ والی نوکریاں پیدا کرے، سب کو کام دے تب میں مانوں گا کہ کچھ بھیانک چیز کچھ شاندار چیز دنیا میں قدم رکھنے آرہی ہے لیکن پہلے تو کرکے دکھائے ایسا ہونے والا نہیں ہے۔ مجھے تو نہیں لگتا کہ اے آئی کے آنے سے شاندار نوکریاں پیدا ہوں گی، لیڈروں کو بھی اے آئی کا بہانہ مل گیا ہے۔ آپ یہ ذہن نشین رکھئے گا کہ بیروزگاری پر ان سے جواب دیتے نہیں بنتا ہے جلد ہی وہ اے آئی کی وجہ سے بیروزگاری بتاتے ہوئے اپنا بچاؤ کرنے لگ جائیں گے جن سے دس، دس سال میں نوکریاں نہیں دی گئیں وہ AI کا درس رائے دہندوں کو دینے لگ جائیں گے اس لئے موقع پاکر سب اے آئی کی بس میں سوار ہورہے ہیں۔ وہ اے آئی پر اظہارِ خیال کرنے جارہے ہیں، شہر میں چرچا چل رہا ہے جہاں دیکھئے AI پر کانفرنسیں ہورہی ہیں، ہندوستان میں ابھی اے آئی کا استعمال جتنا نہیں ہوا ہے اس سے زیادہ تو مصنوعی ذہانت پر سمینار ہوچکے ہیں۔ AI سے نوکری ختم ہوجائے گی لیکن اے آئی سے سمینار ختم نہیں ہوپارہے ہیں۔
AI کیا ہوگیا ہے کوئی آئی بنارہاہے، کوئی گائی بنارہا ہے، کوئی مائی بنارہا ہے، اے آئی کے آنے سے بیماریاں ختم نہیں ہوں گی نہ ادویات سستی ہوں گی ، لوگ اِن دنوں ہزار ، ہزار روپئے کیلئے محتاج ہوگئے ہیں۔ کمپیوٹر ، لیاپ ٹاپ، اسمارٹ فون کے زمانے میں حالت یہ ہوگئی ہے کہ ہر سیاسی جماعت رائے دہندوں کو ایک ہزار ، دو ہزار بانٹنے میں لگی ہے انہیں پتہ ہے کہ اس سے زیادہ دے نہیں سکتے اور اس سے زیادہ رقم لینے کی رائے دہندہ کی حالت نہیں رہی۔ مارکٹ کی کسی بھی منطق کے حساب سے یہ ووٹر اور پارٹی کے درمیان ایک سمجھوتہ ہے اس قیمت پر تو آپ انڈہ نہیں خرید سکتے ووٹر خرید رہے ہیں۔ اتنے سارے چپلے چپاٹی لگ گئے ہیں چناؤ کے مینجمنٹ میں وہ جس پارٹی کی انتخابی مہم چلارہے ہیں وہ تو AI کو لیکر بڑی بڑی باتیں کئے جارہے ہیں۔ ان کے پیچھے یہ منیجر کیا کررہے ہیں۔ اے آئی سے پوچھ لیجئے کہ 1500 روپئے دینے سے الیکشن جیتا جاسکتا ہے، اے آئی سے یہ بھی پوچھ لیجئے کہ بناء پیسے دیئے ووٹ کیسے مل جائے گا اس کا کوئی حل ہے ؟ میں بھی دیکھتا ہوں کہ اے آئی کیا کیا کرلیتا ہے۔ دنیا میں ٹکنالوجی آج نہیں آئی صدیوں سے آرہی ہے، انسان کی زندگی اس سے بہتر ہوئی ہے تو بدتر بھی ہوئی ہے۔ AI کے آنے سے آپ کی زندگی کا بدتر ہونا اب بند نہیں ہوگا ابھی نوٹ کرکے دیکھئے ملک میں بدتر زندگی کی فہرست طویل ہوتی جائے گی۔
کتنی ٹکنالوجی آگئی، پیپر سے مشین آگئی، ویب سائٹ اور اسمارٹ فون کا کردار ہوگیا الیکشن میں لیکن فہرست رائے دہندگان سے نام تو آج بھی غائب ہورہے ہیں۔ آج بھی اِس کا جواب نہیں ملتا کہ کہاں سے اتنے رائے دہندے آگئے اور کہاں چلے گئے یعنی وہ رائے دہندوں کے نام جن کا نام پہلے اِس فہرست میں تھا کیا اے آئی اسے ٹھیک کردے گا۔ ووٹر لسٹ کی دھاندلی بند ہوجائے گی؟ اے آئی والوں سے میرے یہ سوال ہیں۔ بھئی ! یہ بتایئے اے آئی والوں سے بڑی سنجیدگی سے پوچھ رہا ہوں کہ اے آئی سے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کی شاعری کا معیار اچھا ہوجائے گا؟ کیا اے آئی یہ کام کرے گا۔ دنیا میں کونسا ایسا اے آئی ہے جو چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کوغالب بنادے گا انہیں سپر بنادے گا۔ ذرا یہ خبر آپ دیکھیئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا ہے کہ فہرست رائے دہندگان میںAI کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ الیکشن کے معاملہ میں بھی اے آئی کی مدد لینے کا مشورہ دے رہے ہیں کون؟ چیف الیکشن کمشنر۔ آپ کو بتادیں کہ رائے دہی کے سی سی ٹی وی کا فوٹیج مانگا گیا تو چیف الیکشن کمشنر ٹکنالوجی کی بات کرنے لگ گئے۔36 سو سال شمار کرنے لگ گئے کہ اتنے سال لگ جائیں گے۔ ویڈیو دیکھنے میں کیا اے آئی 36 سو سال کا کام 36 منٹ میں نہیں کرتا ؟تب پھر کس بات کیلئے آپ اے آئی، اے آئی کئے جارہے ہیں کیا اے آئی کی مدد سے انتخابات ہونے لگیں گے۔ یہ نیا خواب لانچ ہورہا ہے کیا تب پرائیویسی پر خطرہ نہیں منڈلائے گا ، ذرا بتایئے۔
آپ نے کبھی کسی کو کہتے سنا کہ آنے دیجئے AI کو حکومتوں کا کرپشن بند ہوجائے گا، کسی ٹکنالوجی سے حکومت آپ کی محتاج ہوئی، ویب سائیٹ کو لیکر بھی عوام کو ایسا ہی سپنا دکھایا گیا تھا بعد میں اسی ویب سائیٹ سے حکومتوں کی وزارتوں سے عوام کو دور کردیا گیا۔ آپ کو پتہ ہے کہ پی ایم کیر فنڈ میں کس کا پیسہ ہے؟ کتنا پیسہ ہے ؟ کیسے خرچ ہورہا ہ؟ کہاں جارہا ہے ؟ آپ کو لگتا ہے کہ اے آئی کے آنے سے یہ سب کھیل بند ہوجائے گا۔ سادہ سی بات ! سنیئے … اے آئی سے بھی وہی ہوگا جو پہلے سے ہوتا رہا ہے۔ ہر حکومت میں کچھ لوگوں کا گروہ ہوگا اور کچھ لوگوں کی چاندی ہوگی باقی عام لوگ سڑک پر رہیں گے…! یا2000 روپیوںکیلئے ترستے رہیں گے اور ہزاردو ہزار روپئے برستے رہیں گے۔ چونی کی بارش میں آپ روپئے کا خواب مت دیکھیئے۔ اسمارٹ فون بھی آیا تو جانے کیا کیا کرنے والا تھا۔ کیا وہ سب پورا ہوا ؟ بتایئے کوئی تو شہر کوئی تو سڑک بتائیے کیا وہاں ٹریفک میں ہونے والا خلل ختم ہوگیا۔ گوگل میاپ نے اتنا تو کمال کردیا کہ کہاں جانا ہے، کب پہنچنا ہے سب کا وقت اور راستہ بتادیا لیکن کیا گوگل میاپ نے ٹریفک جام بھی ختم کردیا ، نہیں نا ! تو اے آئی سے پہلے ٹریفک جام ختم کرکے دکھاؤ تب ہم مانیں گے کہ تم گوگل ہو یا اے آئی ہو۔