نئی دہلی ۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے لوک سبھا میں کہا کہ اگر ایوان اور معاشرہ متفق ہو تو حکومت اے آئی (مصنوعی ذہانت ) کے استعمال پر قانون لانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ادور پرکاش کے سوال پر ایوان میں یہ جانکاری دی۔ ادور پرکاش نے پوچھا تھا کہ کیا حکومت اے آئی کے استعمال کو باقاعدہ بنانے کے لیے کوئی قانون بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے جواب میں ویشنو نے کہا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں دنیا بھر کے معاشرے کو چیلنجزکا سامنا ہے اور چیلنجز کا تعلق جعلی خبروں اور فرضی مباحث سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس (قانون) کے حوالے سے وسیع اتفاق رائے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ایسے مسائل ہیں جن کا تعلق اظہار رائے کی آزادی سے ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا، اس پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ایوان متفق ہو جائے اور معاشرے میں وسیع پیمانے پر رضامندی ہو تو ہم نیا قانون لا سکتے ہیں۔ ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ وشنو نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت ٹیکنالوجی کو جمہوری بنانے میں یقین رکھتی ہے، جو کانگرس کے دور میں نہیں تھی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جن پر بحث کی ضرورت ہے۔ اتفاق رائے ہو تو نیا قانون لا سکتے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ حکومت ٹائر2 اور ٹائر 3 شہروں میں اے آئی ڈیٹا لیبز قائم کرنے میں مدد کر رہی ہے۔