واشنگٹن، 8 جولائی (یو این آئی) امریکی اخبار کے مطابق ایک جعلساز نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بن کر غیر ملکی وزرائے خارجہ، ایک امریکی گورنر اور ایک امریکی رکن کانگریس سے رابطہ کیا ہے ۔ واشنگٹن پوسٹ نے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک کیبل اور ایک سینیئر امریکی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس جعلساز نے ان شخصیات کو ایسے آڈیو اور تحریری پیغامات بھیجے جن میں مارکو روبیو کی آواز اور تحریری انداز کی ہو بہو نقل کی گئی تھی اور یہ سب مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئرز کے ذریعے کیا گیا۔مارکو روبیو کے دفتر کی طرف سے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کو بھیجے گئے ایک کیبل میں کہا گیا کہ حکام کو معلوم نہیں ہے کہ جعلسازی کی ان کوششوں کے پیچھے کون ہے لیکن حکام کا ماننا ہے کہ اس کا مقصد بااثر سرکاری حکام کو دھوکہ دے کر معلومات یا اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنا ہے ۔