اے آر رحمان طلاق مسئلہ الزام تراشی کرنے والوں کو قانونی کارروائی کی دھمکی

   

ممبئی :اے آر رحمان کی طلاق کے مسئلہ پر ان پر الزام تراشی کرنے والوں کو قانونی کارروائی کی دھمکی دی گئی ہے۔آسکر ایواڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے بہتان لگانے والوں کو قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی اور کہا کہ اس میں کچھ بھی سچائی نہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اے آر رحمان اور سائرہ بانو نے 29 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد چند روز قبل طلاق کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی انٹرنیٹ پر کئی ہتک آمیز افواہیں منظر عام پر آئیں جس کے پیش نظر اے آر رحمان نے الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔ان کی قانونی ٹیم نے من گھڑت کہانیوں پر مبنی ہتک آمیز مواد کو ہٹانے کا مطالبہ کیا اور اس بارے میں نوٹس جاری کیا ہے۔اے آر رحمان کے وکیل نے مزید کہا کہ اگر ہتک آمیز مواد نہ ہٹایا گیا تو ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔وکیل کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے دیے جاتے ہیں تاکہ نفرت انگیز اور قابل اعتراض مواد ہٹادیا جائے بصورت دیگر وہ قانونی کارروائی کیلئے تیار رہیں۔ اے آر رحمان نے کہا کہ شادی کے خاتمے کی خبر سامنے آنے کے بعد کچھ میڈیا پلیٹ فارمز اور یوٹیوبرز نے نجی زندگی سے متعلق من گھڑت کہانیاں تراشی ہیں ۔