ہاوڑا (مغربی بنگال) ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) طلباء کی اسوسی ایشنس جو علی الترتیب ترنمول کانگریس اور بی جے پی سے ملحق ہے، ضلع ہاوڑا کے ایک کالج کے احاطہ میں متصادم ہوگئے۔ بعدازاں کالج کو آدھا دن بند کردیا گیا۔ رام سلے کالج کے جو آمٹا علاقہ میں واقع ہے، توڑپھوڑ کی گئی اور 10 نوجوان تصادم کے دوران زخمی ہوگئے۔ پولیس مقام واردات پر پہنچ گئی اور ترنمول چھاترا پریشد اور اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے ارکان کو منتشر کردیا۔ پولیس کے ارکان اور آر اے ایف کا عملہ کالج کے روبرو تعینات کردیا گیا۔ دونوں تنظیموں کے طلبہ قائدین نے ایک دوسرے پر گڑبڑ کا الزام عائد کیا ہے۔
مرکزی وزیرداخلہ کی جانب سے صدر راج کی توسیع ناقابل قبول : عمرعبداللہ
سرینگر ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے آج کہا کہ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کی جانب سے دستورہند کی دفعہ 356 کو استعمال کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں صدر راج کی مدت 6 ماہ سے زیادہ توسیع کرنا ناقابل قبول ہے۔ ان کا یہ تبصرہ شاہ کی جانب سے صدر راج میں توسیع کے بعد منظرعام پر آیا۔