حیدرآباد۔/20جولائی، ( سیاست نیوز) محکمہ انسداد رشوت ستانی کے عہدیداروں نے اپنے سابق ملازم کو گرفتار کرلیا۔ راجندر نگر کے علاقہ میں ایک کارروائی کے دوران اے سی بی کے عہدیداروں نے پولیس اکیڈیمی کے علاقہ میں سابق کانسٹبل اوم پرکاش کو گرفتار کرلیا۔ جس کا بی سی نمبر3132 بتایا گیا ہے۔ اوم پرکاش چیوڑلہ سب رجسٹرار سے دیڑھ لاکھ روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے یہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ اے سی بی ذرائع کے مطابق سب رجسٹرار چیورلہ مسٹر راجندر کمار نے اس کے خلاف شکایت کی تھی کہ اوم پرکاش اسے ہراساں کررہا ہے اور بتایا کہ اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے دباؤ پر ایس آر او کے خلاف کیس درج کرنا پڑے گا۔ اے سی بی کے جال میں پھانسنے والا خود اے سی بی کے جال میں پھنس گیا۔ اوم پرکاش کو حڈا ڈائرکٹر پرشوتم ریڈی کے غیر محسوب اثاثہ جات کے معاملہ میں اے سی بی سے معطل کردیا گیا تھا۔
