اے سی بی کے جال میں سرسلہ کا سرویئر گرفتار

   

گمبھی راوپیٹ، سرسلہ ۔14 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) راجننہ سرسلہ میں انسدادِ بدعنوانی شاخ (ACB) کے عہدیداروں نے ایک اور سرکاری ملازم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ سرسلہ یم آر او دفتر میں سرویئر کی حیثیت سے کام کرنے والا وینورشوت لیتے ہوئے اے سی بی کے جال میں پھنس گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرسلہ میونسپل حدود کے دسویں وارڈ، چنا بونال گاؤں سے تعلق رکھنے والے کسان پروین نے اپنی تین ایکڑ زمین کے سروے کیلئے وینو سے رابطہ کیا۔ وینو نے سروے کرکے رپورٹ دینے کے عوض 30 ہزار روپئے رشوت طلب کی۔پروین نے پہلے 10 ہزار روپئے ادا کیے۔ بعد ازاں جب سروے مکمل ہوا تو باقی 20 ہزار روپئے وصول کرتے وقت اے سی بی عہدیداروں نے اچانک چھاپہ مار کر وینو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ سرویئر پر ماضی میں بھی کئی بدعنوانی کے الزامات عائد ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اُسے مزید تحقیقات کے لیے اے سی بی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔عہدیداروں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی بھی سرکاری ملازم رشوت کا مطالبہ کرے تو فوراً اے سی بی کے ٹول فری نمبر پر شکایت درج کرائیں۔