اے ٹی ایم سنٹر میں سرقہ کی ناکام کوشش، 15رکنی ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 23 مارچ ( سیاست نیوز) اے ٹی ایم سنٹر میں سرقہ کی ناکام کوشش کرنے والی 15رکنی ٹولی کو مہیشورم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ گرفتار خاطی پولٹری فام کے مزدور بتائے گئے ہیں جو اڈیشہ سے حیدرآباد روزگار کی تلاش میں آئے تھے ۔ پولیس نے 22سالہ مان سنگھ کالر ، 19سالہ مہیندر کالر ، 19سالہ اجیت داس ، 21سالہ ڈشم کالر اور 20سالہ گوتم کالر کو گرفتار کرلیا ۔ پولٹری فام کے غلے سے دو ہزار روپئے نقد رقم کا سرقہ کرنے کے بعد انہوں نے ایک لاری کا سرقہ کیا اور لاری لے کر فارم سے فرار ہوگئے ۔ راستہ میں جب اس ٹولی نے بینک اے ٹی ایم دیکھا تو اس اے ٹی ایم سے سرقہ کا منصوبہ بنایا اور اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کی کوشش کی ۔ اس دوران الارم کی آواز سے ٹولی نے راہ فرار اختیار کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کے قبضہ سے لاری بھی ضبط کرلیا ۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 7لاکھ روپئے مالیت اشیاء کو بھی ضبط کرلیا ۔ ع

برقی شاک سے خاتون کی موت
حیدرآباد ۔ 23مارچ ( سیاست نیوز) ایل بی نگر کے علاقہ میں ایک خاتون برقی شاک کی زد میں آکر فوت ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق 42 سالہ شاردھا جو ناگول علاقہ کے ساکن موہن راؤ کی بیوی تھی ، کل رات یہ خاتون کپڑے نکالنے کی کوشش کررہی تھی اس نے لوہے کی سلاخ کی مدد سے کپڑے نکالنے کے دوران برقی ہائی ٹنشن تاروں کی زد میں آکر شدید جھلس گئی اور علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ پولیس ایل بی نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع