اے ٹی ایم سے رقم کا سرقہ کرنے والی ٹولی بے نقاب

   

چار افراد گرفتار ، نقد رقم ضبط ، ایل بی نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /3 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ایل بی نگر پولیس نے اے ٹی ایم سنٹر سے نقد رقم کا سرقہ کرنے والی ایک بدنام زمانہ ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ 8 لاکھ روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا ۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پولیس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے بتایا کہ 39 سالہ صابر خان ساکن شاہین نگر 20 سالہ راشد خان 25 سالہ امیر الدین اور 25 سالہ نعیم کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ 4 لاکھ روپئے نقد رقم کے ساتھ ساجد عرف زاہد مفرور بتایا گیا ہے ۔ ٹولی بغیر نمبر کے آٹو میں آج ساگر رنگ روڈ سے گذر رہی تھی کہ پولیس نے تلاشی کے دوران اس آٹو کو روک لیا اور تلاشی کے دوران اس ٹولی کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے لیا اور کیس کو حل کرلیا ۔ صابر خان کا تعلق بھی ہریانہ سے بتایا گیا ہے جو 17 سال قبل حیدرآباد منتقل ہوگیا تھا ۔ اس نے سرقہ کا منصوبہ تیار کیا جو اس سے قبل کشائی گوڑہ حدود میں ایک واردات انجام دے چکا ہے ۔ پولیس کے مطابق اس نے 18 دن قبل ایک منصوبہ تیار کیا اور ہریانہ سے اپنے ساتھیوں کو طلب کرتے ہوئے سازش تیار کی 30 ستمبر کے دن بہ ذریعہ ٹرین یہ ٹولی حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پہونچی اور رات صابر کے مکان گذارنے کے بعد صبح یکم اکٹور کے دن اس ٹولی نے رانی گنج سکندرآباد کا رخ کیا ۔ جہاں انہو ںنے گیاس کٹر وغیرہ کی خریداری کی اور اسی دن رات دیر گئے منصورآباد علاقہ پہونچے اور اے ٹی ایم سنٹرز میں سرقہ کی واردات انجام دی ۔ اس سنٹر سے اس ٹولی نے 12 لاکھ 7 ہزار کا سرقہ کیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 8 لاکھ روپئے نقد و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ جبکہ 4 لاکھ روپیوں کے ساتھ ساجد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ اس موقع پر دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے ۔