حصار،10جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ کے حصار ضلع میں ایک اے ٹی ایم سے ملے دس ہزار روپے بڑی مشقت کے بعد پیسوں کے مالک تک پہنچانے کے لئے ایک پولیس کانسٹیبل کو آج انعام سے نوازا گیا۔ حصار پولیس کنٹرول روم میں وائرلیس آپریٹر کے روم میں تعینات راج کمار گنگوا کو پولیس ڈائریکٹر جنرل منوج یادو نے پانچ ہزار روپے کا انعام دیا جو رقم مسٹر گنگوا نے فتح آباد میں غریبوں کو ایمبولینس سروس مہیا کرانے والی ایک تنظیم کو دے دی۔ راج کمار گنگوا کو 22جون کو حصار ڈاک خانے کے نزدیک ایک اے ٹی ایم سے دس ہزارروپے ملے تھے ۔مسٹر گنگوا ڈیوٹی کے بعد مسلسل 12دن تک مختلف بینکوں کے چکر لگاکر آخر کار ان پیسوں کی مالک سیکٹر 14میں رہنے والی وینا مدان کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہوئے اور انہیں ان کے پیسے دئے ۔مسٹر یادو نے کہا کہ ایسے ایماندار سپاہی سے پوری پولیس فورس کو سبق لینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ راج کمار کو 15اگست کو ہونے والے ریاستی سطح کے پروگرام میں وزیراعلی منوہر لال کے ہاتھوں سے کانسٹیبل کو انعام دینے کی تجویز بھیجی گئی ہے ۔