اے ٹی ایم سے کھاتہ دار کے بجائے بینک کے اکاونٹ سے ہی رقم غائب ، حیدرآباد میں عجیب وغریب واقعہ

   

حیدرآباد 7 جولائی ( یو این آئی) ایک عجیب وغریب واقعہ میں کھاتہ دار کے اکاونٹ کے بجائے ایس بی آئی کے کیپٹل اکاونٹ سے رقم اے ٹی سے نکل گئی۔یہ واقعہ شہرحیدرآباد کے رام نگر برج کے قریب واقع اے ٹی ایم میں پیش آیا۔ بینک کے خود کے اکاونٹ سے رقم کے بار بار نکلنے کا پتہ چلنے کے بعد یہ واقعہ منظرعام پر آیا۔ بینک کے کیپٹل اکاونٹ سے تقریبا 3.4لاکھ روپئے کی رقم نکل گئی جو اس کے شیئر ہولڈرس اور سرمایہ کاروں کے پاس سے حاصل کی گئی تھی۔بینک کے عہدیداروں نے شبہ ظاہر کیا کہ سائبر مجرموں کی سرگرمیوں کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔شہر کی کسی بھی ایس بی آئی کو یہ مسئلہ درپیش نہیں ہوا۔بینک کے ایک عہدیدار کے مطابق بینک کے منیجر نے اس خصوص میں سائبرکرائم پولیس سے شکایت کی جس کے بعدپولیس نے شکایت درج کرتے ہوئے جانچ شروع کردی۔