90 لاکھ روپئے ضبط، ٹاسک فورس کی کارروائی، کمشنر پولیس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 19 مارچ (سیاست نیوز) اے ٹی ایم مشین میں رکھی جانے والی رقم کا سرقہ کرکے فرار ہونے والے سکیورٹی ایجنسی کے ڈرائیور کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے اُس کے قبضہ سے مسروقہ 90 لاکھ روپئے ضبط کرلئے۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 16 مارچ کو سکیوری ٹرانس انڈیا پرائیوٹ لمیٹیڈ نامی ایجنسی کے ایک ڈرائیور نے منصوبہ بند طریقہ سے نقد رقم کا سرقہ کرکے فرار ہوگیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کوٹھی مین برانچ سے ایک کروڑ 60 لاکھ روپئے کی رقم کے ساتھ سکیوری ٹرانس انڈیا کی گاڑی 4 ملازمین بشمول ایک گن مین، منیجر اور دو نگرانکار کے ساتھ روانہ ہوئی تھی اور چلکل گوڑہ سکندرآباد شیوا پوائنٹ اے ٹی ایم میں رقم لوڈ کرنے کے لئے دو نگرانکار 68 لاکھ رقم کے ساتھ اے ٹی ایم میں داخل ہوئے تھے کہ گاڑی کے ڈرائیور 35 سالہ ڈی پرکاش متوطن مشرقی گوداوری آندھراپردیش گاڑی میں موجود بقیہ رقم 92 لاکھ کے ساتھ گاڑی کو یو ٹرن لینے کے بہانے لالہ گوڑہ فلائی اوور سے فرار ہوگیا۔ کیش مینجمنٹ سرویس انفو سسٹم لمیٹیڈ واقع لوور ٹینک بینڈ جس کا ہیڈ آفس ممبئی میں ہے، روزانہ کی اساس پر 60 گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے 400 ملازمین کی مدد سے دونوں شہروں کے ایس بی آئی اے ٹی ایمس میں نقد رقم لوڈ کرنے کے ذمہ دار ہے۔ انجنی کمار نے کہاکہ خاطی ڈرائیور پرکاش نے پرتعیش زندگی گزارنے کے لئے نقد رقم کے ساتھ فرار ہوگیا۔ اِس واقعہ کے بعد ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم سرگرم ہوگئی اور تقریباً 500 سی سی ٹی وی کے فٹیجس کا تجزیہ کرتے ہوئے اندرون 36 گھنٹے خاطی کا پتہ لگالیا۔ پولیس کمشنر نے کہاکہ رقم کے ساتھ فرار ہونے کے بعد ڈرائیور پرکاش آٹو میں سوار ہوگیا اور ناگول علاقہ میں داخل ہوگیا۔ ٹاسک فورس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کے ذریعہ ملزم کی نشاندہی کرتے ہوئے اُس کے قبضہ سے 90 لاکھ نقد رقم برآمد کرلی۔ پولیس کمشنر نے کہاکہ ملزم کی گرفتاری میں آٹو ڈرائیور شیخ حمید اور ناگول کے مقامی عوام نے تعاون کیا۔