پانچ کا بہار سے تعلق۔ 12 افراد زخمی ۔ چار کی حالت تشویشناک ۔ ایکس گریشیا کا اعلان
حیدرآباد۔ 14اپریل (یواین آئی) آندھراپردیش کے ضلع کرشنا کے ایلورو میں پورس پرائیویٹ لمیٹیڈ کمیکل فیکٹری میں بڑے پیمانہ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 6ورکرس زندہ جھلس کر ہلاک اور دیگر12جھلس گئے ۔ریاستی حکومت نے اس واقعہ میں ہر مہلوک کے خاندان کیلئے 25لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا۔پولیس نے کہا کہ فیکٹری کے یونٹ 4کا ری ایکٹر نصف شب کے بعد اچانک پھٹ پڑااور آگ کے شعلے بھڑک اٹھے جس کے نتیجہ میں 5ورکرس زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے ۔ایک کی ہاسپٹل منتقلی کے دوران موت ہوگئی۔ چار کی حالت تشویشناک ہے ۔پانچ مہلوکین کا تعلق بہار سے ہے ۔ زخمیوں کو مقامی سرکاری ہاسپٹل منتقل کیاگیا۔بعد ازاں چار افراد کو وجئے واڑہ لے جایاگیا کیونکہ ان کی حالت تشویشناک تھی۔ پانچ فائربریگیڈس نے پہنچ کر جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔کیمیکل جو دوائیں تیار کرنے کمپنیوں میں استعمال کیاجاتا ہے ، اس کمپنی میں تیار کیا جاتا ہے ۔کلکٹر وی پرسنا وینکٹیش، ایس پی راہل دیوشرما اور رکن پارلیمنٹ کے سری دھر نے صورتحال کاجائزہ لیا۔اسی دوران وزیراعلی جگن موہن ریڈی نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کااظہار کیا۔وزیراعلی نے ہر مہلوک کے خاندان کے لئے 25لاکھ روپئے، شدید طورپر جھلس جانے والوں کے لئے پانچ لاکھ روپئے اور معمولی جھلسنے والوں کے لئے دو لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا۔
آگ واقعہ۔وزیراعظم کا اظہاردکھ
حیدرآباد۔ 14اپریل (یواین آئی)وزیراعظم مودی نے آندھراپردیش کی کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کے واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ایلورو کی کیمیکل فیکٹری میں آگ کے واقعہ پر پر دکھ ہوا۔انہوں نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہارکیا۔