حیدرآباد یکم دسمبر(یواین آئی) اے پی کے سریکاکلم ضلع میں ساحلی سیکورٹی پولیس نے 13 بنگلہ دیشی ماہی گیروں کو حراست میں لے لیا ہے جو ایچرلہ منڈل کے موساونی پیٹہ ساحل کے قریب ہندوستانی حدود میں داخل ہوگئے تھے ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق بھولا ضلع (بنگلہ دیش) کے یہ 13 ماہی گیر ایک مکینائزڈ فشنگ کشتی میں اپنے ماہی گیری بندرگاہ سے نکلے تھے لیکن خراب موسم اور سمندر میں اونچی لہروں کے سبب بین الاقوامی بحری حد پار کرکے ہندوستانی آبی حدود میں داخل ہوگئے ۔گذشتہ روز مقامی ماہی گیروں نے موساونی پیٹہ ساحل کے قریب ان بنگلہ دیشی ماہی گیروں کواس وقت دیکھا جب ان کی کشتی نے لنگر انداز ہو کر مدد کی درخواست کی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر انہیں بچایا، بیمار افراد کو خوراک اور پانی فراہم کیا اور بعد ازاں پولیس کو اطلاع دی۔ کوسٹل سیکورٹی نے تمام 13 ماہی گیروں کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات کے لئے کلنگا پٹنم منتقل کردیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ اس واقعہ کی تفصیلات محکمہ داخلہ کے اعلیٰ حکام کو بھیجی جائیں گی اور چونکہ معاملہ بین الاقوامی تعلقات سے متعلق ہے ، اس لئے اے پی حکومت مرکزی وزارتِ داخلہ کو رپورٹ ارسال کرے گی۔