اسکولس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر زور، چیف منسٹر کے حکم پر وزیر تعلیم کا اقدام
حیدرآباد 11 اگسٹ (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ریاست کے تمام سرکاری مدارس میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لئے ’’کیلنڈر‘‘ مرتب کرنے اعلیٰ عہدیداروں کو سخت ہدایات دیں اور کہاکہ طلبہ کے لحاظ سے مدارس میں اساتذہ کی تعداد بھی ہونی چاہئے۔ جبکہ اُنھوں نے اس بات پر اپنے گہرے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بعض سرکاری مدارس میں تمام جماعتوں کو پڑھانے کے لئے ایک ہی ٹیچر پائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی۔ اور بتایا کہ چیف منسٹر نے تمام مدارس میں بنیادی تمام تر سہولتوں کی فراہمی پر بھی اولین ترجیح دینے کی عہدیداران محکمہ تعلیم کو ضروری ہدایات دیں۔ تاڑے پلی میں واقع اپنے کیمپ آفس میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس طلب کرکے جگن موہن ریڈی نے اعلیٰ عہدیداران محکمہ تعلیم سے تفصیلات سے واقفیت حاصل کی اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ اس جائزہ اجلاس میں وزیر تعلیم مسٹر اے سریش بھی موجود تھے۔ اُنھوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے تحت جملہ 12918 پرائمری اسکولس (3832) اپر پرائمری اسکولس کی ہیئت ترکیبی کو مکمل طور پر تبدیل کیا جائے گا۔ وزیر نے مزید بتایا کہ ریاست بھر میں جملہ 42655 اسکولس کے ویڈیوز اور تصاویرحاصل کئے گئے ہیں۔ اور تقریباً 10.88 لاکھ تصاویر کو اپ لوڈ کیا گیا ہے اور چیف منسٹر نے اس بات کی ہدایت دی ہے کہ تمام تر سہولتوں کی فراہمی کے بعد دوبارہ اسکولوں کی تصاویر حاصل کرکے عوام کے روبرو سابقہت صاویر اور موجودہ تازہ ترین تصاویر پیش کرکے واقف کروائیں۔
