اے پی ایس آرٹی سی کے حکومت میں انضمام کے تجزیہ کا آغاز

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ، 26 جون ( یو این آئی) آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(اے پی ایس آرٹی سی)کے ریاستی حکومت میں انضمام کے مسئلہ کے تجزیہ کا آج سے آغاز کردیاگیا۔اس مسئلہ پر وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔تاڑے پلی میں واقع اپنے کیمپ آفس میں منعقدہ اس جائزہ اجلاس میں ریاستی وزرا بی راجندر ناتھ ریڈی، پی نانی سمیت آرٹی سی کے اعلی عہدیدار موجود تھے ۔آرٹی سی کے ریاستی حکومت میں انضمام کے عمل کا آغازکرنے والی حکومت نے اس سلسلہ میں کمیٹی کی تشکیل اس ماہ کی 14تاریخ کو عمل میں لائی۔آرٹی سی کے سابق ایم ڈی، موظف آئی اے ایس عہدیدار سی انجنیا ریڈی کی زیرقیادت پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔اس کے ارکان میں ٹرانسپورٹ کے محکمہ کے پرنسپال سکریٹری ٹی کرشنا بابو، اے پی ایس آرٹی سی کے ایم ڈی سریندر بابو، سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف روڈ ٹرانسپورٹ کے سابق ڈائرکٹر سدرشن،محکمہ فائنانس کے پرنسپال سکریٹری کے وی وی ستیہ نارائنا، آر ٹی سی کے ای ڈی کوٹیشور راو شامل ہیں۔ اس کمیٹی کا پہلا اجلاس آج سکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔قبل ازیں اس کمیٹی کے ارکان نے وزیراعلی جگن موہن ریڈی سے ملاقات کی جس کو وزیراعلی نے مختلف ہدایات دیں۔ملازمین کی بقایہ جات کی رقم، بینکس سے لئے گئے قرضہ جات ، موجودہ واجبات کے امور کا تجزیہ کرنے کی وزیراعلی نے ہدایت دی۔آرٹی سی کو منافع بخش بنانے ،مسافرین کے لئے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی بھی انہوں نے ہدایت دی۔