حیدرآباد 13فروری (یواین آئی )آندھراپردیش حکومت نے ‘‘اناداتا سُکھی بھوا’’اسکیم کے تحت کسانوں کو دس ہزار روپئے دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ فیصلہ ریاستی کابینہ کے بدھ کی صبح ہوئے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے کی۔کابینہ نے مرکز کی طرف سے کسانوں کو فی کس ملنے والی 6ہزار روپئے کی رقم کے علاوہ ریاستی حکومت کی طرف سے چار ہزار روپئے دینے کی قرارداد منظور کی ہے ۔مرکزی حکومت کی اسکیم کی اہلیت نہ رکھنے والے کسانوں کو ریاستی حکومت مکمل طور پر دس ہزار روپئے دے گی۔ساتھ ہی اس اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔اس اجلاس کے بعد کابینہ کی میٹنگ کی روئیداد سے میڈیا کے نمائندوں کو واقف کرواتے ہوئے وزیر سومی ریڈی چندراموہن ریڈی نے کہا کہ ریاستوں میں 54لاکھ کسانوں کو ہی مرکز کی جانب سے 6ہزار روپئے کی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم ریاستی حکومت ہر کسان کے خاندان ، قولدار کسان کو دس ہزار روپئے دے گی۔اس مقصد کے لئے بجٹ میں پانچ ہزار کروڑروپئے الاٹ کئے گئے ہیں۔کسانوں کے بینک کھاتہ میں فروری کے اواخر میں مرکز کی دو ہزار روپئے کی رقم کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت کی طرف سے تین ہزار روپئے جمع کئے جائیں گے ۔علاوہ ازیں پنچایت کنٹنجنس ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ،این جی اوز ،سکریٹریٹ کے ملازمین کے لئے مکانات کی تعمیر کے لئے 175مربع گزاراضی کے الاٹمنٹ کو بھی ہری جھنڈی دکھادی گئی۔ ساتھ ہی حکومت نے صحافیوں کے لئے 30 ایکر زمین الاٹ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ اے پی کابینہ نے صحافیوں کے لئے فی ایکر 10 لاکھ روپے کے حساب سے 30 ایکر زمین دینے کی منظوری دی ہے ۔ حکومت نے صحافیوں کی ہوزنگ سوسائٹی کو صرف ایک کروڑ روپے ادا کرتے ہوئے زمین اپنے نام منتقل کرنے کی سہولت فراہم کی ہے اور باقی رقم آئندہ دو سال تک ادا کرنے کی سہولت دی ہے اسی طرح امراوتی میں سیکریٹریٹ کے ملازمین کے لئے فی کس 175 مربع گز زمین فی گز 4 ہزار روپے کے حساب سے دینے کا بھی کابینہ نے منظوری دی ہے ملازمین کے علاوہ این جی اوز کے لئے 230 ایکر زمین الاٹ کی گئی۔