اے پی : رکن اسمبلی کے پیروں پر پھول نچھاور کرنے کی ویڈیو ‘ تنازعہ

   

حیدرآباد21اپریل (سیاست ڈاٹ کام)اے پی کی حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس رکن اسمبلی روجا کے ایک ویڈیو سے تنازعہ پیدا ہوگیا۔ روجا کو اس ویڈیو میں دکھایاگیا کہ وہ گاوں کی سڑک پر چل رہی ہیں اور لوگ ان کے پیروں پر گلاب کی پتیاں ڈال رہے ہیں۔ویڈیو میں دکھایا گیا کہ روجا اپنے منہ پر ماسک لگائے ہیں اور ہاتھوں میں دستانے پہنی ہیں،مرد،خواتین اور بچے سڑک کی دونوں جانب کھڑے ہیں،پیروں پر پھول نچھاور کررہے ہیں۔ اس ویڈیوکے سامنے آنے کے بعد مختلف گوشوں سے تنقید کی جارہی ہے۔ روجا لوگوں کو پھول نچھاور کرنے سے نہیں روک رہی ہیں اور نہ ہی ان کو گھروں کو واپس ہونے کی ترغیب دے رہی ہیں۔اسکے بجائے وہ ان افراد کا شکریہ اداکررہی ہیں۔ روجا کو بوریل کے افتتاح سے پہلے پھول بھی پہنائے گئے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیاجب روجا، اپنے حلقہ میں بورویل کے افتتاح کیلئے پہنچی تھی۔اس ویڈیو پر اصل اپوزیشن تلگودیشم کے ٹوئیٹر پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک ایسے وقت جب کورونا وائرس سے بچنے ماہرین نے انتباہ دیا ہے،تاہم وائی ایس آرکانگریس کے ارکان اسمبلی من مانی کام کررہے ہیں۔