اے پی :زمین کی لالچ میںدرندگی کی انتہاء بیٹے نے ماں باپ کو ٹریکٹر سے کچل دیا

   

حیدرآباد 27 اپریل (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں درندہ صفت بیٹے نے ماں باپ کو زمین کیلئے ٹریکٹر سے کچل دیا۔ آندھراپردیش وجئے نگرم ضلع کے ندوپوری کلاں گاؤں میں درندہ صفت بیٹے نے زرعی زمین کیلئے ضعیف ماں باپ کو ٹریکٹر سے کچل کر ہلاک کردیا۔ 55 سالہ اپل نائیڈو اور 45 سالہ وجیا جن کو ایک بیٹا راج شیکھر اور بیٹی رادھا کماری ہیں۔ رادھا کماری کی شادی کے وقت باپ نے بیٹی کو ایک ایکر اراضی میں 8 گنٹے اراضی نام کردی تھی۔ 5 سال قبل رادھا کماری کے شوہر کے انتقال کے بعد وہ اپنے ماں باپ کے پاس رہنے آگئی۔ چند ماہ قبل اپل نائیڈو نے قرض چکانے پانچ گنٹے زمین فروخت کردی تھی جس کے بعد بیٹا والدین پر زور دے رہا تھا کہ 27 گنٹے اراضی اسکے نام کردے یا پھر زمین فروخت کرکے وہ رقم اسے دیں۔ بیٹے کے رویہ کو دیکھتے ہوئے باپ نے 27 گنٹے اراضی میں سے 12 گنٹے اراضی بیٹی کے نام کردی جس کے بعد بیٹا ماں باپ پر مزید برہم ہوگیا جس کے بعد اُس نے باقی زمین بیچنے زمین کی ٹریکٹر سے صفائی کررہا تھا۔ تب ماں باپ نے اسے روک دیا۔ برہم بیٹے نے بغیر کچھ سوچے ٹریکٹر سے دونوں کو کچل دیا جس کی وجہ سے موقع پر ہی دونوں کی موت ہوگئی۔ جس کے بعد راج شیکھر نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالہ کردیا۔ (ش)