اے پی سی آر اور آئی ایم سی آر کا وقف اراضی کے تحفظ کیلئے عوامی اجلاس کا اہتمام

   

23 مئی ، نئی دہلی (یواین آئی) انڈین مسلم فار سیول رائٹس (آئی ایم سی آر) اور اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سیول رائٹس (اے پی سی آر) کے زیر اہتمام انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر میں ’’وقف اراضی کی حفاظت‘‘پر ایک عوامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجلاس نے ہندوستان بھر میں وقف املاک کو بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے سیاسی رہنماؤں، شہری حقوق کے کارکنوں، قانونی ماہرین، ماہرین تعلیم، اور متعلقہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد کے ایک ہی صف میں لا کھڑا کیا۔اس اجلاس کو مخاطب کرنے والوں میں نیشنل کانفرنس کے سرینگر سے منتخب رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی،معروف صحافی آشوتوش کمار، ایس پی رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد سنگھ، رکن پارلیمنٹ چوہدری اقرا حسن، کانگریس رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر محمد جاوید، آئی۔ ایم۔ سی۔ آر کے نائب صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ دانش علی، میجر جنرل ریٹائرڈ جاوید اقبال، رکن پارلیمنٹ روچی ویرا، آئی۔ ایم۔ سی۔ آر کے چیئرمین اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب، سابق وزیر اتر پردیش نسیم الدین صدیقی، عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ، رکن پارلیمنٹ طارق انور اور ضیاء الرحمن برق و دیگر شامل ہیں ۔