اے پی :شراب کی آمدنی پر وائیٹ پیپر جاری کرنے تلگودیشم کا مطالبہ

   

امراوتی 19 مارچ ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش میں اپوزیشن تلگودیشم پارٹی نے الزام عائد کیا کہ جگن موہن ریڈی حکومت میں غیر قانونی اور سستی شراب عام ہوگئی ہے ۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ ریاست میں شراب کی آمدنی پر وائیٹ پیپر جاری کیا جائے ۔ تلگودیشم پولیٹ بیورو رکن وائی رام کرشنوڈو نے آج کہا کہ تلگودیشم دور میں آبپاشی کا پانی بہتا تھا اور وائی ایس آر کانگریس حکومت میں شراب بہہ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر مسئلہ کیلئے وائی ایس آر کانگریس کے قائدین کی جانب سے سابقہ تلگودیشم حکومت کو ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے یہ ان کی اخلاقی ناکامی کا ثبوت ہے ۔ ریاست میں سستی اور غیرقانونی شراب عام بات ہوگئی ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ شراب سے آمدنی پر ایک وائیٹ پیپر جاری کرکے حقائق کو عام کرے ۔