امراوتی 9 اپریل ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے کرشنا ضلع میں مختلف کورونا قرنطینہ مراکز میں شریک افراد کو ڈرائی فروٹس ‘ میوے جات اور انڈے فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کی قوت مدافعت کو بڑھایا جاسکے ۔ کہا گیا ہے کہ قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کو کاجو ‘ بادام ‘ کھجور ‘ پستے ‘ کیلے اور سنترے وغیرہ فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کی قوت مدافعت میں اضافہ کیا جاسکے ۔ اس کے علاوہ انہیں انڈے بھی دئے جا رہے ہیں۔ حکومت نے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ بیشتر ماہرین عوام اور قرنطینہ میں رہنے والوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کیلئے اسی غذا کی سفارش کر رہے ہیں۔ قرنطینہ میں رہنے والوں کو اس غذا سے کافی مدد مل رہی ہے ۔ چیف منسٹر جگن کی ہدایت پر یہ اقدامات کئے گئے ہیں۔
