امراوتی 18 فروری (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے عوام کے آنکھوں کی مہم ’وائی ایس آر کنٹی ویلگو‘ کے تیسرے مرحلہ کا آج کرنول میں افتتاح کیا۔ چیف منسٹر نے آئندہ تین سال کے دوران دیہی ذیلی مراکز سے بڑے ٹیچنگ ہاسپٹلس تک تمام سرکاری دواخانوں کو تجدید کاری کے پُرعزم پروگرام ’ناڈو نیڈو‘ کا بھی افتتاح کیا۔ اُنھوں نے اس موقع پر کہاکہ اس بڑے عوامی پروگرام پر 15,335 کروڑ روپئے صرف کئے جائیں گے۔ اس پروگرام کے رواں مرحلہ میں 60 سال یا اس سے زائد عمر کے 56,88,424 افراد کے معائنے کئے جائیں گے۔ 560 کروڑ روپئے کے مصارف سے کنٹی ویلگو اسکیم گزشتہ سال اکٹوبر میں شروع کی گئی تھی۔