اے پی میں ایل پی جی سلینڈرس کی کوئی قلت نہیں: چندرا بابو نائیڈو

   

بلیک مارکیٹنگ پر نظر رکھنے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔12 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست میں ایل پی جی سلینڈرس کی کوئی قلت نہیں ہے اور عوام کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایل پی جی سلینڈرس کی کسی رکاوٹ کے بغیر سربراہی کو جاری رکھنے کیلئے مرکزی حکومت سے ربط قائم رکھیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے ضلع کلکٹرس کانفرنس میں ایل پی جی اسٹاک اور سربراہی کا جائزہ لیا ۔ مغربی ایشیاء میں جنگ کے پیش نظر کئی ریاستوں میں ایل پی جی سلینڈرس کا بحران پیدا ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آندھراپردیش میں ایل پی جی سلینڈرس کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ گھریلو اور تجارتی اغراض کیلئے سلینڈرس بروقت سربراہ کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولس اور ہاسپٹلس ہو سربراہی میں کوئی رکاوٹ ہونے نہ پائیں۔ چیف منسٹر نے ایل پی جی سلینڈرس کی بلیک مارکیٹنگ کو روکنے کیلئے سیول سپلائیز عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت دی۔ سکریٹری محکمہ سیول سپلائیز نے چیف منسٹر کو بتایا کہ آندھراپردیش میں ایل پی جی کا وافر اسٹاک موجود ہے اور سربراہی مستحکم طور پر جاری ہے۔آندھراپردیش میں1.6 کروڑ گھریلو ایل پی جی صارفین ہیں جبکہ کمرشل کنکشن کی تعداد تقریباً 10 لاکھ ہے۔1