دباؤ کی پرواہ نہیں کروں گا، کابینی سب کمیٹی اجلاس سے چیف منسٹر جگن کا خطاب
حیدرآباد ۔ /14 اگست (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی زیرقیادت ریاستی حکومت میں کسی بھی نوعیت کی بے قاعدگیوں و کرپشن معاملات کے خلاف کی جانے والی جدوجہد میں کوئی سمجھوتہ نہ کرنے اور منفی اقدامات نہ کرنے کا چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے واضح طور پر اظہار کیا اور بتایا کہ مجھ پر کئی دباؤ ہیں ۔ لیکن اس دباؤ کی پرواہ کئے بغیر کسی بھی نوعیت کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ آج کابینی سب کمیٹی کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ٹنڈرس کے عمل میں اور جس پر بھی نظر ڈالیں تو سینکڑوں، ہزاروں کروڑ روپیوں کے اسکینڈلس ہیں ۔ چیف منسٹر نے اس صورتحال پر دریافت کیا کہ عوامی سرمایہ کے ہم محافظ بننا چاہئیے یا کرپشن میں ملوث پائے جانے والے افراد کو چھوڑ دینا چاہئیے ؟ جبکہ سابق تلگودیشم حکومت میں مکانات کی تعمیر سے متعلق مسئلہ کا جائزہ لینے پر یہی صورتحال بڑے پیمانے پر کرپشن اسکینڈل پائی جاتی ہے ۔ چیف منسٹر نے اسکیمات کے ذریعہ کرپشن سے پاک نظم و نسق فراہم کرنے کی ہرکوشش کی بھرپور ستائش و تعاون کیا جائے اور کسی بھی دباؤ کو ہرگز برداشت نہیں کرنا چاہئیے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ کابینی سب کمیٹی اجلاس میں وزیر پنچایت راج مسٹر پیدی ریڈی رامچندرا ریڈی ، وزیر فینانس و امور مقننہ مسٹر پی راجندر ناتھ ریڈی ، وزیر زراعت مسٹر کے کنا بابو ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر ایم گوتم ریڈی ، رکن پارلیمان پیدی ریڈی متھن ریڈی ، مشیر اعلیٰ حکومت مسٹر اجے کلم ، مشیران ریاستی حکومت مسٹر سموئیل ایس راما کرشنا ریڈی و دیگر عہدیدار شریک تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق حکومت کی مبینہ بے قاعدگیوں سے متعلق 30 امور میں پائے جانے والے کرپشن کو بے نقاب کرنے کی ذمہ داری کابینی سب کمیٹی کو سونپی گئی ۔
سابق چیف منسٹر چندرا بابو کو سیکوریٹی اسٹاف کی تعیناتی کی ہدایت
این ایس جی اور اسٹیٹ سیکوریٹی اختلاف پر فیصلہ کرنے کا مشورہ، اے پی ہائیکورٹ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ /14 اگست (سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی سکیورٹی کے معاملہ میں آندھراپردیش ہائیکورٹ نے بروز چہارشنبہ فیصلہ سنایا اور ریاستی حکومت کو اس بات کا حکم دیا کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو کو جملہ 97 افراد پر مشتمل سکیوریٹی اسٹاف کو تعینات کرے اور بتایا جاتا ہے کہ کلوزڈ سکیورٹی کی فراہمی کیلئے کون ذمہ دار ہیں ۔ اس مسئلہ پر این ایس جی اور اسٹیٹ سکیورٹی کے مابین پائے جانے والے اختلاف رائے سے متعلق تین ماہ میں کوئی ایک قطعی فیصلہ کرنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔ علاوہ ازیں چندرا بابو نائیڈو کے کاروں کے قافلہ میں جامر وہیکل کی سہولت فراہم کرنے کی بھی حکومت کو ہدایت دی ہے ۔ ہائیکورٹ نے مزید اس بات کا حکم بھی دیا کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو کو چیف سکیورٹی عہدیدار کی تعیناتی بھی حکومت کو ہی انجام دینا ہوگا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے ان کی سکیورٹی میں حکومت کی جانب سے کمی کئے جانے کے خلاف آندھراپردیش ہائیکورٹ میں سوال کرتے ہوئے اپنی درخواست پیش کی تھی اور اس درخواست کی گزشتہ دنوں ہی سماعت مکمل ہوئی تھی ۔ دونوں وکلاء یعنی سرکاری وکیل اور مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے وکیل کے مابین ہوئے مباحث کے اختتام پر آندھراپردیش ہائیکورٹ جج جسٹس درگا پرساد راؤ نے فیصلہ کو محفوظ کررکھدیا تھا ۔ تاہم آج اس محفوظ کردہ فیصلہ کا اعلان کیا گیا ۔
چیف منسٹر اے پی جگن موہن ریڈی آج وجئے واڑہ میں قومی پرچم کشائی انجام دیں گے
یوم آزادی تقاریب کیلئے وزراء کی فہرست کو قطعیت، حکومت سے احکامات کی اجرائی
حیدرآباد ۔ /14 اگست (سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش نے یوم آزادی کے سلسلہ میں ریاستی ہیڈکوارٹر اور ضلع مستقروں پر قومی پرچم کشائی انجام دینے والے وزراء کی فہرست کو قطعیت دیتے ہوئے آج احکامات جاری کئے ۔ اس قطعیت دی گئی فہرست کی روشنی میں چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی وجئے واڑہ ہیڈکوارٹرس میں /15 اگست کو یوم آزادی کے موقعہ پر قومی پرچم کشائی انجام دیں گے ۔ ضلع سریکالم میں مسٹر وی سرینواس ، وجیا نگر میں ڈپٹی چیف منسٹر شریمتی پشپا شری وائی ، وشاکھاپٹنم میں وزیر مسٹر ایم وینکٹ رمنا ، مشرقی گوداوری میں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر اے نانی مغربی گوداوری میں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر پی سبھاش چندرا بوس ، وائی ایس آر کڑپہ ڈسٹرکٹ میں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر امجد باشاہ ، گنٹور میں وزیر پی نانی ، پرکاشم میں مسٹر انیل کمار یادو ضلع نیلور میں مسٹر سچریتا ، ضلع کرنول میں مسٹر بی ستیہ نارائن ، ضلع اننت پور میں پیدی ریڈی ، رامچندرا ریڈی اور ضلع چتور میں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر نارائینا سوامی قومی پرچم کشائی انجام دیں گے ۔
