وجئے واڑہ ۔22مارچ ( یواین آئی ) آندھراپردیش میں 11اپریل کو ہونے والے عام انتخابات میں حکمراں جماعت تلگودیشم اور اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔ علاوہ ازیں کئی مقامات پر سہ رخی مقابلہ بھی ہوگا کیونکہ جناسینا ، بی جے پی اور کانگریس بھی انتخابی میدان میں ہے ۔ 2014میں منعقدہ عام انتخابات میں تلگودیشم نے نریندر مودی اور اداکار سے سیاستداں بنے پون کلیان کی حمایت سے شاندار کامیابی درج کروائی تھی۔ متحدہ آندھراپردیش ریاست کی غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف عوام کی برہمی نے بھی2014کے اسمبلی انتخابات میں 104نشستیں حاصل کرنے میں تلگودیشم کی مدد کی تھی۔ چندرابابونائیڈو زیرقیادت تلگودیشم اور وائی ایس جگن موہن ریڈی کی قیادت والی وائی ایس آرکانگریس کے درمیان سخت مقابلہ ہے جبکہ جناسینا پارٹی جس کا قیام پون کلیان نے عمل میں لایا ہے ، سی پی آئی ایم ،سی پی آئی اور بی ایس پی سے اتحاد کیا ہے ۔ چندرابابونائیڈو اپنے آبائی ٹاون کپم سے مقابلہ کررہے ہیں۔ جگن موہن ریڈی پولی ویندلہ سے انتخابی میدان میں ہیں جہاں سے ان کا تعلق ہے جبکہ پون کلیان گجواکا اور بھیماورم دو اسمبلی حلقوں سے انتخابی میدان میں ہیں۔ اگرچیکہ جناسینا پارٹی انتخابی میدان میں ہے ’ تاہم اصل مقابلہ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس میں ہے ۔