اے پی میں تین دارالحکومتوں کے خلاف احتجاج

   

کسان اور خواتین اسمبلی کامپلکس کے قریب تک پہونچ گئے
امراوتی ( اے پی ) 20 جنوری ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں دارالحکومت کی تقسیم یا تین دارالحکومت کے قیام سے متعلق بل کی اسمبلی میں پیشکشی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سینکڑوں کسان اور خواتین آج تقریبا اے پی لیجسلیچر کامپلکس تک پہونچ گئے تھے ۔ انہوں نے امتناعی احکام کی خلاف ورزی کی اور سکیوریٹی عملہ کی رکاوٹوں کو بھی پھلانگ دیا ۔ عوام کے آگے بے بس نظر آنے والے سکیوریٹی و پولیس عملہ نے احاطہ اسمبلی سے چند میٹر کے فاصلے پر احتجاجیوں پر لاٹھی چارچ کردیا ۔ جب کامپلکس کے عقبی حصہ میں کسانوں و خواتین کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا تھا قائد اپوزیشن این چندرا بابو نائیڈو اپنے تلگودیشم ارکان اسمبلی کے ساتھ مین گیٹ کے کچھ دور سے پیدل چلتے ہوئے احاطہ میں داخل ہوئے ۔ تاہم تلگودیشم کی جانب سے اسمبلی کے محاصرہ کا پروگرام ممکن نہیں ہوسکا جس کا اعلان کیا گیا تھا ۔ اس اعلان کے پیش نظر بھاری پولیس فورس کو متعین کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے تلگودیشم کا پروگرام ممکن نہیں ہوسکا ۔ پولیس نے دعوی کیا کہ احتجاجی کسانوں اور دوسروں کی جانب سے پولیس و سکیوریٹی عملہ پر سنگباری کی گئی جس میں چھ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس نے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کئے جا رہے ہیں۔ حکومت نے احتجاج کے اعلان کو دیکھتے ہوئے اسمبلی کامپلکس اور اطراف میں 5,000 پولیس اہلکاروں کو متعین کردیا تھا اور راستے میں رکاوٹیں پیدا کی گئی تھیں۔