اے پی میں خطرناک سڑک حادثہ، تمل ناڈو کے 8افراد ہلاک اور8شدید زخمی

   

حیدرآباد۔ آندھراپردیش کے ضلع نیلور میں پیش آئے خطرناک سڑک حادثہ میں پڑوسی ریاست تمل ناڈدسے تعلق رکھنے والے 8افراد ہلاک ہوگئے ۔یہ حادثہ اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں ضلع نیلور کے بُچی ریڈی پالم منڈل کے دامرمڈگو علاقہ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ٹہری ہوئی لاری کو ٹمپوگاڑی نے ٹکر دے دی۔اس ٹمپو میں تمل ریاست کے شردھالو سوار تھے ۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ ٹمپو کے 7شردھالو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کی موت ہاسپٹل منتقلی کے دوران ہوگئی۔تمل ناڈو کے پیرمبورسے تعلق رکھنے والے یہ شردھالوکل شب نیلور کیلئے روانہ ہوئے تھے تاہم تقریبا2.15بجے شب یہ حادثہ پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا۔حادثہ کا مقام دلخراش منظر پیش کررہا تھا۔اس حادثہ میں ٹمپو کے سامنے کے حصہ کو شدید نقصان پہنچا۔مہلوک ڈرائیور کی شناخت نیلور سے تعلق رکھنے والے گروناتھ ریڈی کے طورپر کی گئی ہے ۔اس حادثہ میں 8افراد شدید زخمی ہوگئے ۔حادثہ کے وقت ٹمپو میں 16افراد سوار تھے ۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے راحت کام شروع کئے اور حادثہ کا سبب بننے والی گاڑی کو سڑک سے ہٹاتے ہوئے اس روٹ کو ٹریفک کیلئے بحال کیا۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ ڈرائیور کے حالت نیند میں ہونے کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور زخمیوں کو علاج کے لئے روانہ کرکے ایک مقدمہ درج کرلیا اور جانچ شروع کردی۔ مرنے والوں کی شناخت جگدیش، پدمنی، نندکمار، ریوتی، دیوی، سجاتا، آشا، گروناتھ ریڈی (ٹمپو ڈرائیور)کے طورپر کی گئی ہے ۔