خانگی بس کھائی میں گر گئی، صدر جمہوریہ ، وزیراعظم اور چیف منسٹر کا اظہار صدمہ، ایکس گریشیا کا اعلان
حیدرآباد ۔ 12 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش کے الوری سیتاراما راجو ضلع میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجہ میں نو افراد کے ہلاک ہونے اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایک پرائیوٹ بس بے قابو ہو کر وادی میں گر گئی ۔ یہ واقعہ جمعہ کی ابتدائی ساعتوں میں پیش آیا ۔ یہ حادثہ چنتورو ، ماریڈو ملی گھاٹ کے قریب پیش آیا ۔ بس میں جملہ 37 افراد سوار تھے ۔ حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد 9 ہوگئی اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ یہ بس اناورم سے بھدرا چلم جارہی تھی ۔ مہلوکین کی شناخت ضلع چتور کے ساکنین کے طور پر کی گئی ۔ اطلاع ملتے ہی تین ایمبولنس کو طلب کرلیا گیا اور پولیس کی پانچ گاڑیاں بھی پہنچ گئیں ۔ زخمیوں میں پانچ افراد کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں بھدرا چلم کے سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو اور وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے پر صدمے کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم نے مرنے والوں کو دو لاکھ اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ ریاست آندھرا پردیش چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے حادثے پر صدمے کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔۔ ش
