امراوتی 13 مارچ ( پی ٹی آئی ) اپوزیشن تلگودیشم کے امیدوار ورلا رامیا نے آج آندھرا پردیش میں راجیہ سبھا انتخاب کیلئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ حالانکہ تلگودیشم کا ریاست میں ایک بھی نشست پر کامیابی کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ ایوان میں اس کے صرف 23 ارکان ہیں تاہم پارٹی نے اپنا امیدوار دلت کارڈ کے نام پر میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ انتخابات میں تلگودیشم امیدوار کے میدان میں اترنے سے یہاں انتخاب ناگزیر ہوگیا ہے جبکہ برسر اقتدار وائی ایس آر کانگریس کو امید تھی کہ یہ انتخاب بلا مقابلہ ہوجائیگا ۔ چار نشستوں کیلئے ریاست میںانتخاب ہوگا اور وائی ایس آر کانگریس کے چار امیدوار پہلے ہی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرچکے ہیں۔ 175 رکنی ایوان میں 151 ارکان کو دیکھتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس کے تمام چاروں امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے ۔ تلگودیشم کے تین ارکان اسمبلی پہلے وائی ایس آر کانگریس میں شامل ہوچکے ہیں۔