حیدرآباد 25 اپریل (یو این آئی)کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پولیس مساعی کررہی ہے ،تمام محکمہ جات کے ساتھ تال میل کے ذریعہ کام کیاجارہا ہے ۔اے پی کے ڈی جی پی گوتم سوانگ نے یہ بات بتائی۔انہوں نے ضلع اننت پور میں لاک ڈاون کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریڈزونس والے علاقوں میں مزید سختی کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔بیرونی ممالک،دہلی سے آئے ہوئے افراد کے ذریعہ ریاست میں کورونا کے معاملات میں اضافہ درج کیاگیا ہے ۔دہلی سے آئے ہوئے افراد کی تعداد 1185ہے ۔ تقریبا 22,600 افراد بیرونی ممالک سے ریاست کو آنے والوں کے طورپر نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات میں ڈاکٹرس کی مساعی قابل ستائش ہے ۔یہ ایک قومی آفت سماوی بن گئی ہے جس کے نتیجہ میں زراعت کے شعبہ کے ساتھ ساتھ صنعتوں پر بھی کافی اثر پڑا ہے۔