اے پی میں سبسیڈی والی پانچ ٹن پیاز چار گھنٹے میں ختم

   

حیدرآباد8دسمبر(یواین آئی)پیاز کی قیمتوں میں روزبروز اضافہ نے عوام کومشکل میں ڈال دیا ہے ۔اے پی میں حکومت کی جانب سے سبسیڈی پر فراہم کی جانے والی پیازحاصل کرنے کے لئے تروپتی میں ایک کیلومیٹر طویل قطار دیکھی گئی۔صبح ہی سے تروپتی کے انامیا سرکل سے ریلوے گیٹ تک یہ قطار دیکھی گئی۔قطار میں بزرگ افراد،چھوٹے بچے اور بالغ افراد بھی دیکھے گئے ۔آرسی روڈ رعیتو بازار میں اتوار کی صبح مارکٹنگ محکمہ کی جانب سے پانچ ٹن پیازفروخت کے لئے دستیاب کروائی گئی۔اس پیاز کو حاصل کرنے کے لئے بھی لوگوں کی طویل قطار دیکھی گئی۔یہ پانچ ٹن پیاز چار گھنٹے میں ختم ہوگئی۔کھلے بازار میں فی کیلو پیاز150روپئے کے حساب سے فروخت کئے جانے کے پیش نظرعہدیداروں کی جانب سے 25روپئے کیلو کے حساب سے یہ پیاز سبسیڈی میں فروخت کی گئی۔ تروپتی ٹاون کے چندراگری، راماپورم، ایروڈو،کری کمباڈی اور دیگر علاقوں کے عوام کی بڑی تعداد اس سبسیڈی پر فروخت کی جانے والی پیاز کی خریداری کے لئے پہنچی۔