اے پی میں سڑک حادثہ،بس ڈرائیور ہلاک،30مسافرین زخمی

   

حیدرآباد۔ 18مارچ (یو این آئی) آندھراپردیش کے ضلع نیلور میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک آرٹی سی بس ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا اور دیگر 30 مسافرین معمولی زخمی ہوگئے ۔یہ حادثہ ضلع کے سلوروپیٹ ٹول پلازہ کی قومی شاہراہ کے قریب بدھ کی صبح کی اولین ساعتوں میں اُس وقت پیش آیا جب آرٹی سی بس نے ٹہری ہوئی لاری کو ٹکر دے دی۔پولیس کے مطابق آرٹی سی بس نیلور سے چینئی جارہی تھی۔اس نے ٹہری ہوئی لاری کو ٹکر دے دی۔یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جس کی شناخت شیخ باشاہ کے طورپر کی گئی ہے ۔اس حادثہ میں بس میں سوار 30دیگر مسافرین بھی زخمی ہوگئے جن کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیاگیا۔

تروپتی میں اوڈیشہ کے طالب علم کی خودکشی
حیدرآباد۔ 18مارچ (یو این آئی) آندھراپردیش کے تروپتی میں سنسکرت ودیاپیٹھ سال سوم کے طالب علم نے ہاسٹل میں واقع اپنے کمرہ میں پھانسی لے لی۔اوڈیشہ کے بالانگری ضلع سے تعلق رکھنے والا ابھیلاش تروپتی،نفسیاتی پیچیدگیوں کا شکار تھا۔پولیس کے مطابق ابھیلاش،اس یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرتا تھا اور ہاسٹل میں مقیم تھا۔پولیس نے کہا کہ وہ نفسیاتی پیچیدگیوں کا شکار تھا اور اس کا علاج کیا جارہا تھا۔میڈیکل آفیسر جس نے اس کی حالت دیکھی،اس کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ روبہ صحت ہونے تک رہے ۔وہ دس دن پہلے کلاسس میں حاضر ہونے کے لئے ہاسٹل واپس ہوا تھا۔جب اس کے ایک ساتھی نے کمرہ کا دروازہ کھٹکھٹایا تو اس نے اندر سے کوئی جواب نہیں دیا۔طلبا نے ہاسٹل کا دروازہ توڑا تو اس کی لاش لٹکتی ہوئی پائی گئی۔پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ۔