اے پی میں شراب کی قیمت میں مزید 50 فیصد اضافہ

,

   

امراوتی 5 مئی (پی ٹی آئی) آندھراپردیش میں جاری لاک ڈاؤن کے درمیان شراب کی دوکانات دوبارہ کھول دی گئیں اور حکومت نے قیمت میں 25 فیصد اضافہ کے ایک دن بعد منگل کو مزید 50 فیصد کا اضافہ کردیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری (ریونیو) رجت بھارگوا نے کہاکہ شراب کی قیمتوں میں اضافہ کا مقصد عوام کو صحت کی حفاظت کی طرف راغب کرتے ہوئے شراب کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اضافہ شدہ قیمتوں کا فوری اثر سے اطلاق ہوگا۔ ریاستی حکومت نے 11 بجے دن کے بجائے دوپہر 12 بجے تا 7 بجے شام شراب کی دوکانات کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے کہاکہ قیمتوں میں 50 فیصد کے تازہ ترین اضافہ سے ریاستی حکومت کو سالانہ 9000 کروڑ روپئے کی زائد آمدنی ہوگی۔ آندھراپردیش میں شراب کے سارے کاروبار پر ریاستی حکومت خود اپنے ریٹیل آؤٹ لٹس کے ذریعہ کنٹرول ہے۔ شراب کی سرکاری دوکانات کی تعداد 3,468 ہے۔ ذرائع نے کہاکہ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے یہ ہدایت بھی کی کہ شراب کی 15 فیصد ریٹیل دوکانات اواخر ماہ کو بند کردی جائیں۔